نظام آباد اولمپک بھون کی زمین پر غیرمجاز قبضہ کی کوشش

   

اولمپک اسوسی ایشن کے اراکین کی پریس کانفرنس ، بھون کی تعمیر کیلئے کلکٹر ، سیاسی قائدین سے تعاون کی اپیل
نظام آباد۔6 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع مستقر میں واقع سروے نمبر 106 میں واقع 7 ایکڑ 35 گنٹہ اراضی کو 2010 میں اُس وقت کی کانگریس حکومت کے وزیر سدرشن ریڈی کی قیادت میں خلیل واڑی میں موجود اسٹیڈیم کی زمین کے بدلے کھیلوں کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ اسی طرح، اس کے قریب واقع 700 گز زمین کو اولمپک بھون کے لیے مختص کیا گیا۔ اس اولمپک بھون کی زمین کے لیے حکومت کی جانب سے اس وقت کے وزیر پی سدرشن ریڈی نے 15 لاکھ روپے منظور کیا تھا۔ ان فنڈس سے اولمپک بھون کی زمین پر بیسمنٹ اور پلرز تک کی تعمیر کی گئی تھی لیکن بعد میں کچھ زمین پر قابضوں نے اس جگہ پر قبضہ کرتے ہوئے JCB مشینوں کے ذریعے پلرس اور بیسمنٹ کو منہدم کر دیا۔ اس وقت ان کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی اور کیس بھی درج کیا گیا تھا۔اب دوبارہ چند افراد اس زمین کو جعلی دستاویزات کے ذریعے خرید و فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسی اطلاعات موصول ہونے پر اس معاملے پر اتوار کے روز اولمپک اسوسییشن کے اراکین کی قیادت میں ایک پریس میٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ضلع اولمپک اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ببلی نرسیا نے بتایا کہ زمین اولمپک اسوسی ایشن کی ہے اور اس پر کوئی بھی قبضہ کرے گا تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی کے پاس اس زمین سے متعلق کوئی دستاویزات ہیں تو وہ کلکٹر سے ملاقات کر کے پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اولمپک اسوسی ایشن کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے گا تو کسی بھی صورت میں خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ 7 ایکڑ 35 گنٹہ زمین کی باؤنڈری وال کلکٹر کے تعاون سے فینسنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے۔جس کے لیے انہوں نے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کا ضلع اولمپک اسوسی ایشن کی طرف سے اظہار تشکر کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اولمپک بھون کی تعمیر میں بھی کلکٹر اور سیاسی قائدین سے تعاون کی اپیل کی تاکہ کھیلوں فروغ دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کر سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کھیلوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جائیں تو ضلع میں قومی و بین الاقوامی کھلاڑی موجود ہیں اور آئندہ مزید کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔اس پروگرام میں ضلع اولمپک اسوسی ایشن کے خازن بھوماریڈی، نائب صدر گادری سنجیو ریڈی، جوائنٹ سیکریٹریز وینکٹیشورلو، اببنا، ایگزیکٹو ممبران جاوید، رمیش اور دیگر بھی موجود تھے۔