نظام آباد ایم ایل سی نشست کے رائے دہندوں کیلئے کورونا ٹسٹ لازمی

   

کوویڈ قواعد کی سختی سے پابندی، ضلع حکام کو الیکشن کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد۔ نظام آباد مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست کے انتخابات میں رائے دہندوں کیلئے کوویڈ 19 ٹسٹ لازمی رہے گا۔ضلع کلکٹر کاماریڈی ایل شرت نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہل رائے دہندہ کو کوویڈ 19 ٹسٹ لازمی ہوگا۔ اگر نتیجہ پازیٹیو پایا گیا تو اسے بیالٹ پیپر کے ذریعہ رائے دہی کی اجازت دی جائے گی یا پھر انہیں رائے دہی کے آخری لمحات میں ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جائے گا۔ مجالس مقامی کی اس نشست کیلئے عوامی نمائندے رائے دہی میں حصہ لیں گے۔ گرام پنچایتوں کے ارکان کے علاوہ میونسپالٹیز کے کونسلرس اور کارپوریشنوں کے کارپوریٹرس کے علاوہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان رائے دہی کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے کوویڈ19 قواعد پر سختی سے عمل آوری کے ساتھ رائے دہی کی ہدایت دی ہے۔ سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتخابی مہم نہیں چلاپائیں گے تاہم امیدوار کے ساتھ مہم کے دوران صرف چار افراد کی اجازت رہے گی۔ امیدوار رائے دہندوں کے گھر پہنچ کر اپنے حق میں ووٹ کی اپیل کرسکتا ہے۔ ماسک اور سماجی دوری پر عمل کرتے ہوئے 9 اکٹوبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ 12 اکٹوبر کو رائے شماری کا دن رہے گا۔ کلکٹر کے مطابق 22 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے اس حلقہ کیلئے سابق رکن پارلیمنٹ کویتا کو امیدوار بنایا ہے۔ ضلع میں مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کی تعداد کے اعتبار سے کویتا کی کامیابی یقینی ہے۔