نظام آباد: 23/مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد بار اسوسی ایشن کے 2025-26 کے انتخابات کے انعقاد کے لیے ویگنیش کو چیف الیکشن آفیسر اور مدھوسودھن گوڑ اور بٹلہ روی کو الیکشن آفیسرس کے طور پر مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر نظام آباد بار اسوسی ایشن کے صدر ملیپولا جگن موہن گوڑ نے اتوار کے روز بار اسوسی ایشن ہال میں تقرو نامہ حوالے کیا۔ جمعہ کے روز تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل کے چیئرمین نرسمہا ریڈی، بار کونسل کے وائس چیئرمین سنیل گوڑ اور دیگر ممبران کی موجودگی میں حیدرآباد میں منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ نظام آباد بار اسوسی ایشن صدر اور ایگزیکٹیو کمیٹی کی نگرانی میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔الیکشن آفیسرس کی تقرور کے ساتھ، آئندہ انتخابات کے شیڈول کو ری شیڈول کرتے ہوئے 11 اپریل کو انتخابات منعقد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ بار کونسل اور نظام آباد ایسوسی ایشن کے درمیان کمیونیکیشن میں خلا کی وجہ سے ایک ایڈہاک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔انتخابات مکمل ہونے کے بعد، نو منتخب عہدیداروں کی تفصیلات ریاستی بار کونسل کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انتخابات کو بار کونسل کے ضوابط کے مطابق منصفانہ انداز میں منعقد کرنے پر زور دیا گیا۔بار ایسوسی ایشن کے صدر جگن موہن گوڑ نے کہا کہ تمام وکلا کے تعاون سے انتخابات کو کامیاب بنایا جائے گا اور تمام وکلا سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں۔اس تقریب میں بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری وسنت راؤ، نائب صدر اونی پینڈم راجو، ٹریزر دیپک، لائبریری سیکرٹری پلی شری کانت، سینئر وکلا پدیگل وینکٹیشور، شیواجی بھوسلے، روی اور دیگر شریک ہوئے۔