نظام آباد: جرائم کے واقعات میں اضافہ

   

ضلع میں سال 2023 میں 8 ہزار 407 مقدمات درج ، پولیس کی سالانہ رپورٹ

نظام آباد :28؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)محکمہ پولیس کی جانب سے سال 2023 ء کے اختتام کے پیش نظر ہر سال کی طرح اس سال بھی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی جرائم میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے ۔ ضلع نظام آباد میں قتل ، چوری ، سائبر کرائم، دھوکہ دہی ، جوا بازی ، خواتین کو ہراسانی و قتل ، آبکاری ، گانجہ کی فروخت ، گمشدگی اور خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ سال 2022 ء میں جملہ 7 ہزار 872 کیس درج کئے گئے تھے ۔ سال 2023 ء میں 8 ہزار 407 کیس درج کئے گئے ہیں ۔ پولیس کمشنریٹ سی پی کانفرنس ہال میں ڈی سی پی جئے رام نے محکمہ پولیس کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں نشیلی اشیاء کی روک تھام کیلئے سخت کاروائی کی گئی گڑ ، پی ڈی ایس چاول کی اسمگلنگ پر بڑی حد تک روک لگائی گئی ٹاسک فورس ٹیموں نے دھاوا کیا اس سلسلہ میں 279 کیس درج کئے گئے ہیں 61.25 لاکھ رقم ضبط کی گئی 1,688 افراد پر کیس درج کیا گیا ۔ سال 2023 ء میں چوری کے 1,212 کیس درج کئے گئے جس میں متاثرین کو 6.2 کروڑ کی رقم سے محروم ہوناپڑا 371 کیس درج کئے گئے 1.26 کروڑ سونا ، چاندی ، مسروقہ موٹر سیکل اور دوسری گاڑیاں برآمد و ضبط کی گئی ۔ نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود سے گمشدگی کے 22 کیس درج کئے گئے جن میں 22 گمشدہ لڑکوں کا پتہ چلاتے ہوئے والدین کے حوالے کیا گیا 3 گمشدہ لڑکے آج تک لاپتہ ہے ۔ سال2023 ء میں خواتین پر حملہ اور ہراسانی کے 175 کیس درج کئے گئے جہیز کیلئے 4 قتل ، جہیز کیلئے 347 ہراسانی کے کیس اور سڑکوں و عوامی مقامات پر ہراسانی کے 42 کیس درج کئے گئے ۔ نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں 3 افراد پر پی ڈی ایکٹ درج کئے گئے جن میں آٹو نگر کا برسات عامر ، مارواڑی گلی کا اجئے کمار اور ماکلور منڈل کلیڈی کا پرساد گوڑ شامل ہے ۔ جاریہ سال پاکسو کے 77 کیس درج کئے گئے ، عصمت ریزی کے 72 کیس درج کئے گئے ، شی ٹیم کے تحت درج کردہ 66 کیس کی یکسوئی کی گئی ۔