نظام آباد رورل پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح

   

نظام آباد۔ 23 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر شیودھر ریڈی نے آج نظام آباد ضلع کا دورہ کرتے ہوئے کنٹیشور علاقہ میں واقع نظام آباد رورل پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح انجام دیا۔ آئی جی چندر شیکھر ریڈی کے ہمراہ ضلع ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پولیس کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اس موقع پر پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریاستی ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے حالات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی کیمروں کی نگرانی اور فیلڈ لیول پر گشت میں اضافہ کے ذریعہ جرائم پر مؤثر کنٹرول ممکن ہے۔ سرکاری مشیر محمد علی شبیر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور بہتر کام کے ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت پولیس محکمہ کی جدید کاری کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ سرکاری مشیر سدرشن ریڈی نے کہا کہ حکومت پولیس نظام کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے پیش نظر نئے پولیس اسٹیشنوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور کنٹیشور علاقہ کے عوام کے لیے رورل پولیس اسٹیشن کی دستیابی خوش آئند قدم ہے۔ نظام آباد رورل رکن اسمبلی ڈاکٹر بھوپتی ریڈی نے جدید پولیس اسٹیشن عمارت کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب میں آرمور رکن اسمبلی راکیش ریڈی، آئی جی ملٹی زون ون چندر شیکھر، ریڈی پولیس کمشنر سائی چیتنیا، ضلع کلکٹر ایلا ترپاھٹی، دیگر اعلیٰ عہدیداران اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی، اس پروگرام کو ضلع میں پولیس نظام کی مضبوطی اور عوام دوست انتظامیہ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔