نظام آباد ریلوے اسٹیشن قتل واقعہ کا ایک ملزم گرفتار

   

نظام آباد: یکم؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آئے قتل و ڈکیتی کیس کو پولیس نے حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ایس ایچ او I ٹاؤن رگھو پتی کی تفصیلات کے مطابق 6؍ ستمبر کی شب ریلوے اسٹیشن کے قریب سر ینواس کرانہ شاپ کے سامنے ایک نامعلوم شخص کی نعش دستیاب ہوئے تھی جس پر Iٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے شبہ کی بنیاد پر بعض افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی اور مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر 30 ؍ستمبر کو شیخ احمد جلاپلی فارم، موضع کوٹگیری منڈل، حال مقیم ریلوے اسٹیشن علاقہ کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کیٹرنگ اور یومیہ مزدوری کا کام کرتا ہے اور شراب نوشی کی عادت کے باعث پیسوں کی ضرورت پڑنے پر ریلوے اسٹیشن کے اطراف تنہا افراد کو نشانہ بنا کر ڈرا دھمکا کر رقم لوٹ لیا کرتا تھا۔ اسی دوران 6؍ ستمبر کی نصف شب سے دو بجے کے درمیان اس نے لکشمی لاج کے پاس ایک شخص کو رقم گنتے دیکھ کر اس سے پیسے چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزم نے کپڑے کے ذریعے اس کی گردن کس کر قتل کردیا اور مقتول کے پاس سے دو ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گیا تھا ۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔