پولیس کی کامیاب کوشش، شناخت کے بعد لڑکی کو والدین کے حوالے کردیا گیا
نظام آباد ۔ تین دن قبل شاپنگ مالس سے لاپتہ تین سالہ معصوم لڑکی اذکیہ ہانی آج مہاراشٹرا کے بلولی کے نرسی میں دستیاب ہونے پر پولیس نے لڑکی کو حاصل کرتے ہوئے والدین کے حوالے کردیا ۔ اے سی پی نظام آباد مسٹر وینکٹیشور لو نے بتایا کہ ضلع جگتیال کے گاجل پیٹ محلہ سے تعلق رکھنے والی نورین سلطانہ اور ان کے شوہر و دیگر رشتہ دار اپنی 3 سالہ لڑکی اذکیہ ہانی کے ساتھ خریدی کیلئے آئی ہوئی تھی اور لڑکی کھیل میں مصروف تھی اور اس کی والدہ خریدی میں مصروف تھی کہ دو برقعہ پوش خواتین نے اس کا اغواء کرلیا تھا پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا اور سوشل میڈیا پر اسے خوب وائرل کیا تھا اور پولیس کی جانب سے اذکیہ ہانی کا پتہ بتانے والے افراد کو 50 ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیا تھا، یہ لڑکی بودھن بس اسٹانڈ تک آنے کی سی سی ٹی وی میں حاصل کردہ سراغ کی بنیاد پر پڑوسی اضلاع کی پولیس کو بھی اطلاع دی تھی، مہاراشٹرا پولیس نے بھی اس خصوص میں مصروف تحقیقات تھی کہ آج یہ لڑکی پولیس اسٹیشن کے علاقہ میں واقع پٹرول پمپ کے پاس دکھائی دینے پر مقامی افراد نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اطلاع دینے پر مقامی پولیس نے لڑکی کو حاصل کرتے ہوئے نظام آباد پولیس کو اطلاع دی پر نظام آباد پولیس نے ویڈیو کال کے ذریعہ لڑکی کے والدین کو لڑکی کی شناخت کروائی اور مہاراشٹرا پہنچ کر لڑکی کو حاصل کیا اور اس کے والد کے حوالے کیا ۔ اے سی پی مسٹر وینکٹیشورلو نے سیاست نیوز کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے اعلان کردہ 50 ہزار روپئے کا انعام لڑکی کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کو بتانے والے افراد کے حوالے کیا جائیگا ۔ لڑکی کے والد نے لڑکی کو حاصل کرتے ہوئے پولیس سے اظہار تشکر کیا ۔
