نظام آباد ضلع کانگریس کمیٹی کی صدارت کیلئے سرگرمیاں تیز

   

نظام آباد۔ 12؍اکٹوبر (محمد جاوید علی کی رپورٹ)۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ریاست میں ضلعی صدور کے عہدوں کی مخلوعہ عہدوں پر تقررات کی منظوری دیتے ہوئے نیا عمل شروع کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں نظام آباد ضلع کانگریس کمیٹی کی صدارت کے لیے بھی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ کرناٹک کے رکن اسمبلی رضوان ارشد کو ضلع انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہاں پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور درخواستوں کی وصولی کا عمل ہفتہ سے باقاعدہ شروع ہوچکا ہے۔ پارٹی کو اقتدار میں آئے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر، تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے مکمل ضلعی و ٹاؤن عہدیداروں کے تقرر اور رکنیت سازی کے نئے مرحلے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق نظام آباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کی صدارت کے لیے کئی اہم نام زیرِ غور ہیں۔ ان میں سابق چیئرمین لائبریری مارا چندرموہن، سابق ایم ایل سی ارکلہ نرسا ریڈی، سابق مارکیٹ کمیٹی چیئرمین ناگیش ریڈی، شیکھر گوڑ اور بالکنڈہ انچارج متیالہ سنیل کمار ریڈی شامل ہیں۔ اگرچہ مزید چند مقامی رہنما ء بھی امیدواروں کی صف میں ہیں تاہم اصل مقابلہ انہی چند ناموں میں سمٹنے کی توقع ہے۔اس وقت نظام آباد ضلع کمیٹی کے صدر مانالا موہن ریڈی تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹو کارپوریشن کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، جب کہ شہر کانگریس کے صدر وینو حال ہی میں نُوڈا کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے دوبارہ صدارت کی دوڑ میں شامل ہونے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق ضلع صدور کی تقرری کے عمل میں حتمی فیصلہ ریاستی صدر مہیش کمار گوڑ کے اختیار میں ہوگا۔ چونکہ وہ خود ضلع نظام آباد سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے تمام امیدوار ان کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ضلع میں وزیر کی عدم موجودگی کے باعث ضلع کی قیادت کا بوجھ مکمل طور پر پی سی سی چیف مہیش کمار گوڑ کے کاندھوں پر ہے اور یہ تقرری اُن کی سیاسی بصیرت اور توازن کا امتحان سمجھی جا رہی ہے۔ پارٹی حلقوں میں اس وقت یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ مہیش کمار گوڑ کن پر اعتماد ظاہر کرتے ہیں اور کس کو ضلع کانگریس کی باگ ڈور سونپی جاتی ہے۔ چونکہ تمام امیدوار سینئر اور بے داغ ریکارڈ کے حامل ہیں، اس لیے فیصلہ انتہائی سوچ سمجھ کر کیا جانے کی توقع ہے۔ نظام آباد ضلع میں کانگریس حلقوں میں اس موضوع پر خاصی گہما گہمی پائی جا رہی ہے۔ ٹاؤن کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ لیے گڑگو روہیت، محمد جاوید اکرم کے علاوہ دیگر نام بھی زیرِ غور ہے ٹاؤن کانگریس کمیٹی کی ذمہ داری اہمیت کی حامل ہے اور نظام آباد میں اقلیتوں کی تعداد قابل لحاظ ہے اربن حلقے میں مسلمان فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں۔