نظام آباد۔ 23؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نظام آباد شہر کے منورکاپو سنگھم میں آج پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آنجہانی ڈی سرینواس کے فرزند اور سابق میئر دھرم پوری سنجے نے ضلع صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مہیش کمار گوڑ، سرکاری مشیر سدرشن ریڈی، سرکاری مشیر و سابق وزیر محمد علی شبیر، رورل رکن اسمبلی بھوپتی ریڈی، صدرنشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان اور زرعی کمیشن کے رکن گڑگو گنگادھر سمیت کانگریس کے سرکردہ قائدین اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے TPCC صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ آنجہانی دھرم پوری سرینواس ان کے سیاسی رہبر اور حقیقی استاد تھے اور انہوں نے ہی انہیں سیاسی تربیت دی۔ سرکاری مشیروں سدرشن ریڈی اور محمد علی شبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ BC طبقات کو حقیقی عزت و نمائندگی صرف کانگریس ہی یقینی بنا سکتی ہے۔ اس موقع پر ضلع بھر سے آئے منورو کاپو برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں سنجے کو مبارکباد دیتے ہوئے شال پوشی اور تہنیت پیش کی۔