نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں من مانی ترقی و تبادلے

   

کانگریس قائد سید قیصر کی کمشنر ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن ستیہ نارائنا سے نمائندگی
نظام آباد :نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں من مانی ترقی و تبادلے کئے جارہے ہیں۔ جبکہ کئی دہوں سے خدمات انجام دینے والے اٹنڈر جیسے ملازمین کی ترقی خواب بن کر رہ گئی ہے کچھ عرصہ قبل ایک عہدہ پر تقرر کئے جانے والا ملازم اچانک سپرنٹنڈنٹ کے عہدہ پر فائز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں 2011ء میں دیپک،2014 ء میں ذیشان، بی شنکر، راجیش، این شنکر، منیش، سائی رام کا اٹنڈر کی حیثیت سے تقرر عمل میں لایا گیا یہ ملازمین انٹرمیڈیٹ اور گریجویٹ ہونے کے باوجود انہیں جونیئر اسسٹنٹ کے بجائے اٹنڈر کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ 11 سالہ عرصہ سے یہ ملازمین اٹنڈر کے عہدہ پرہی خدمات انجام دے رہے ہیں ان کے سامنے 2012 ء میں راکیش نامی شخص کو جو انٹرمیڈیٹ تعلیم یافتہ ہے راست طور پر جونیئر اسسٹنٹ کے عہدہ پر فائز کردیا گیا ۔فی الوقت یہ جونیئر اسسٹنٹ ترقی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ 2021 ء میں اسی طرح انٹرمیڈیٹ زیر تعلیم سوپنا، شیوانی اور سائی کمار کو جونیئر اسسٹنٹ کے عہدہ پر فائز کردیا گیا۔ پروبیشن پریڈ قواعد کے خلاف ورزی کرتے ہوئے C1 سیکشن میں سائی کمار کو انچارج کی ذمہ داری تفویض کردی گئی۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں غیر قانونی ترقی و تبادلہ کیخلاف سید قیصر قائد کانگریس پارٹی نے 27/ مئی کو کمشنر، ڈائریکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن تلنگانہ ستیہ نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت حوالے کرنے پر یہ ساری حقیقت سامنے آئی۔ سید قیصر کی اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت کے بعد نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں غیر قانونی ترقی و تبادلے پر تحقیقات کا قوی امکان ہے۔