صوفیانہ رنگ تہذیبی و ثقافتی پروگرام، داخلہ مفت
حیدرآباد۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست کی 75 ویں سالگرہ کے جشن کے ضمن میں آج 18 ستمبر شام 7 بجے نظام آباد کے کلاسک گارڈن فنکشن ہال قلعہ روڈ پر ’’صوفیانہ رنگ تہذیبی و ثقافتی‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں حیدرآباد کے نامور صوفی گلوکار عمران خاں صوفیانہ رنگ کے کلام کو مکمل سازندوں کے ساتھ پیش کریں گے جبکہ لافٹر چمپین شبیر خاں، شبن خاں، کے بی جانی اور ذوفی مرزا فیملی مزاحیہ خاکے اور کامیڈی کے شاہکار ائٹمس سنائیں گے جسے سن کر شائقین قہقہے لگانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ نظام آباد میں منعقدہ اس خصوصی پروگرام میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ کوآرڈینیٹر خیرالدین بیگ جانی کے بموجب شائقین کیلئے داخلے کی عام اجازت رہے گی۔ مکمل میوزیکل بینڈ ڈالبی ڈیجیٹل ساؤنڈ کیساتھ اس شو کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔