نظام آباد میں امن کی فضاء کو مکدر کرنے فرقہ پرستوں کی کوشش

   

Ferty9 Clinic

نوی پیٹ کی جامع مسجد میں گلال پھینکنے کا واقعہ ، مسلمانوں میں تشویش ، پولیس مصروف تحقیقات

نظام آباد :ضلع نظام آباد کے نوی پیٹ کی جامع مسجد کے صحن میں نامعلوم افراد کی جانب سے زعفرانی گلال پھینکے جانے کے بعد نوی پیٹ میں تشویش پھیل گئی ۔ بڑے پیما نے پر نوجوان جمع ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی اے سی پی نظام آباد مسٹر وینکٹیشور لو پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور مسجد کمیٹی کے ذمہ داران شیخ جابر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نظام آباد کے نوی پیٹ میں دو دن قبل مسلمانوں کی ایک شادی کی تقریب میں آتش بازی کی گئی تھی اور اسی روز انڈیا اور پاکستان کے درمیان میاچ بھی ہوا تھا ۔ فرقہ پرست عناصر نے اسے مسلمانوں کی جانب سے پاکستان کی کامیابی پر کی گئی حرکت سمجھ کر مسلمانوں کیخلاف شکایت بھی کی گئی تھی لیکن کسی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس پر فرقہ پرست عناصر کل رات دیر گئے مسجد کے طہارت خانے کے حصہ سے اندر داخل ہوئے اور مسجد میں گلال چھڑ ک دیا اور راہ فرار اختیار کرلی۔ مصلیان جب صبح فجر کی نماز میں پہنچ کر دیکھا تو مسجد کے صحن میں گلال پڑا ہوا تھا جس پر فوری ذمہ داران کو اطلاع دی گئی اور صدر ضلع جمعیت نظام آباد حافظ لئیق خان کو اطلاع ملنے پر حافظ لئیق خان نے یہاں پہنچ کر تفصیلات حاصل کی ۔ پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا کو فون پر تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ فرقہ پرست عناصر وقفہ وقفہ سے ضلع میں پرُ امن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے مسجد کے تقدس کو پامال کیا ہے اور مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے ۔ انہوں نے اس خصوص میں ملزمین کی شناخت کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس کمشنر نے اے سی پی کو تحقیقات کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے اس علاقہ میں موجودہ سی سی کیمروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدیات دی ۔ فرقہ پرست عناصر نے مسجد میں سی سی کیمرہ ہونے کی اطلاع پر مسجد کے سامنے کے بجائے طہارت خانہ کے حصہ سے آتے ہوئے اپنے منصوبہ پر عمل کیا ہے ۔ پولیس تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مشتبہ افراد پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ حافظ لئیق خان نے مسلمانوں سے صبر و تحمل کے ساتھ کام لینے کی اپیل کی ۔