مسجد کی مینار پر زعفرانی پرچم کی تصویر بناکر وائرل ، مسلمانوں کا احتجاج ، ملزم گرفتار
نظام آباد ۔9 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آبادضلع کے نوی پیٹ کی پر امن فضا ء کو ایک شخص نے مکدر کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب میں کل شام ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں روی سنگھ عرف رام بھکت نے جامع مسجد نوی پیٹ کی تصویر نکالتے ہوئے مینار پر زعفرانی پرچم لگاتے ہوئے ایڈیٹنگ کے ذریعے بنائی جس میں گنیش وسرجن کے موقع پر مسجد پر ’’اوم‘‘ تحریر والا بھگوا جھنڈا لگاتے دکھایا گیا۔ بعد ازاں اس تصویر کو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کرنے سے معاملہ تیزی سے وائرل ہوگیا اور کشیدگی پیدا ہوئی۔ صدر جامع مسجد نوی پیٹ شیخ معز کی شکایت پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ مقامی مسلمانوں نے رات دیر گئے تک احتجاج کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ اطلاع ملنے پر حافظ محمد لئیق خان یہاں پہنچ کر نوجوانوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہو گئے واضح رہے کہ روی کا تعلق راجستھان سے ہے اور یہ نوی پیٹ میں مٹھائی کی دکان چلاتا ہے اور یہ آر ایس ایس بی جے پی سے تعلق رکھتا ہے ، ہمیشہ اپنے انسٹاگرام فیس بک پراشتعال انگیز مناظر کو بنا کر اپلوڈ کرتا ہے ۔ قبل از بھی اس طرح کی حرکت کی تھی لیکن نوی پیٹ سے تعلق رکھنے والے افراد نے خاموشی اختیار کر لی تھی لیکن اس کی حرکتوں میں دن بدن اضافہ ہونے پر مسلمانوں کی جانب سے شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے جامع مسجد کمیٹی کی جانب سے ایک تحریری یادداشت پیش کرنے پر پولیس کی جانب سے فوری مقدمہ درج کر لیا اور آج اسے ریمانڈ پر دے دیا گیا اور رات دیر گئے تک یہ معاملہ چلتا رہا ۔ پولیس حالات کا جائزہ لیتے ہوئے نوی پیٹ میں پولیس پکٹس کو تعینات کر دیا اور حالات پوری طرح قابو میں ہے ۔