نظام آباد میں اُردو میڈیم کے ساتھ متعصبانہ اور سوتیلا سلوک

   

Ferty9 Clinic

گورنمنٹ گری راج ڈگری کالج میں اُردو میڈیم کلاسیس کو برخواست کرنے کی کوشش، اقلیتوں میں تشویش کی لہر

نظام آباد : اُردو ریاست کی دوسری سرکاری زبان ہونے کے باوجود بھی نظام آباد میں اُردو میڈیم کے ساتھ سوتیلا سلو ک کیا جارہا ہے اور منصوبہ بند طریقہ سے گورنمنٹ گری راج ڈگری کالج نظام آباد میں موجودہ اُردو میڈیم کے بی اے ، بی کام کے کلاسس کو برخواست کرنے کی مکمل کوشش کی جارہی ہے ۔ حکومت ریاست گیر سطح پر ہر سال گیسٹ لکچررس کے فیکلٹی کے تقررات عمل میں لاتی ہے تلگو اور انگلش گیسٹ فیکلٹی کے تقررات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے لیکن اُردو فیکلٹی میں اس کا کوئی ذکر نہیں ہے اور اُردو کے گیسٹ فیکلٹی کو نظام آباد سے دوسرے مقام پر تبادلہ کرتے ہوئے نظام آباد گری راج کالج کے بی کام کو رس کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے اُردو داں طبقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ 35 سال قبل اُردو ایکشن کمیٹی نظام آباد کے صدر حافظ عبدالکریم ،سکریٹری تبسم فریدی و دیگر کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر نظام آباد کے گری راج کالج میں بی اے ، بی کام کلاسس کا آغاز کیا گیا تھا اور ہر سال تقریباً400 طلباء یہاں سے تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ ماہ نومبر میں کمشنر کالج ایجوکیشن مسٹر نوین متھل نے احکامات جاری کرتے ہوئے تلگو اور انگریزی کے مخلوعہ جائیدادوں پر گیسٹ فیکلٹی تقررات کرنے کے احکامات جاری کئے اور اُردو میڈیم کے فیکلٹی کا اس میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے ۔ حکومت منصوبہ بند طریقہ سے اُردو میڈیم کے خاتمہ کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ گذشتہ کئی سالوں سے اُردو میڈیم کے اساتذہ کا تقرر عمل میں نہیں لارہی ہے اور اُردو مدارس کو برخواست کرنے کیلئے اقامتی مدارس کو قائم کرتے ہوئے مسلم طلباء و طالبات کو اقامتی مدارس میں داخلوں پر زور لگا رہی ہے جس کی وجہ سے مسلم طلباء و طالبات مدارس کے بجائے اقامتی مدارس کو ترجیح دینا شروع کردیا کیونکہ یہاں پر ہر طرح کی سہولت فراہم کرتے ہوئے اُردو کی جگہ انگریز ی کو پڑھانا شروع کیا گیا اور کالجس میں لکچررس کی بھرتی کرنے کے بجائے واضح طور پر تلگو اور انگریزی میڈیم سے وابستہ گیسٹ لکچررس کے تقررات کیلئے احکامات جاری کئے گئے ۔ نہ صرف نظام آباد بلکہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی اسی طرح کا حال ہے ۔ چند مقامات پر نوین متھل کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سیاسی طور پر دبائو ڈالتے ہوئے گیسٹ فیکلٹی کا تقرر عمل میں لایا گیا لیکن نظام آباد میں اس مسئلہ پر ابھی تک کوئی سیاسی طور پر نمائندگی نہیں کی گئی ۔ اس خصوص میں سیاسی اور سماجی طور پر تحریک چلانے کی سخت ضرورت ہے اور اُردو داں طبقہ فوری سیاسی طور پر نمائندگی کرتے ہوئے اُردو کے گیسٹ فیکلٹی کے تقررات عمل میں لاتے ہوئے برخواست کئے گئے کلاسس کا آغاز کرانے کے اقدامات کی ضرورت ہے۔