نظام آباد میں اہم سیاسی تبدیلیوں کے قوی امکانات

   

بی جے پی کی ایگزیکٹیو رکن وجیا بھارتی کی بی آر ایس میں شمولیت
نظام آباد۔26 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کی سیاست ایک بار پھر ہلچل کا شکار ہے۔ بی آر ایس کی صفوں میں بڑے پیمانے پر شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ بی جے پی کو اُس وقت زبردست جھٹکہ لگا جب بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ کے نظام آباد دورہ اور رکن پارلیمنٹ دھرم پوری اروند کے یومِ پیدائش کے موقع پر ہی اہم قائدین کی علیحدگی اور بی آر ایس میں شمولیت ہورہی ہے ۔ یہ بی جے پی کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوا ہے۔ بی جے پی کی ریاستی ایگزیکٹیو رکن شریمتی وجیا بھارتی نے بی جے پی سے استعفیٰ دے کر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر، سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی، ضلع صدر جیون ریڈی، سابق رکن اسمبلی گنیش گپتا، عائشہ فاطمہ، شکیل عامر اور دیگر سرکردہ قائدین کی موجودگی میں گلابی کھنڈوا پہن لیا ہے ۔ اسی طرح سابق اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی کے قریبی ساتھی اور کانگریس کے سرگرم قائد انجی ریڈی نے بھی کانگریس کو خیر باد کہتے ہوئے کے ٹی آر کی موجودگی میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔نظام آباد شہری اسمبلی حلقہ میں بھی آنے والے دنوں میں اہم سیاسی تبدیلیوں کے قوی امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔