نظام آباد میں ایس سی برادری کا سماجی بائیکاٹ ‘ 25 افراد گرفتار

   

مارم پلی گاوں میں امبیڈکر سنگم کی عمارت کی تعمیر پر ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اقدام
حیدرآباد 8 جنوری ( پی ٹی آئی ) ضلع نظام آباد کے ایک گاوں میں 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے ایک درج فہرست برادری کے ارکان کا سماجی بائیکاٹ کیا تھا کیونکہ انہوں نے وہاں امبیڈکر سنگم تعمیر کی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ ان افراد کو 5 جنوری کو گرفتار کیا گیا اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نظام آباد کے مارم پلی گاوں سے تعلق رکھنے والے ایس سی برادری کے کچھ ارکان نے ایک کھلی اراضی پر گڑھے کھود کر پلرس تعمیر کئے تھے اور وہاں وہ امبیڈکر سنگم کی عمارت تعمیر کرنا چاہتے تھے ۔ اسی وجہ سے یہاں اختلافات شروع ہوئے تھے ۔ اس پر گاوں کی ڈیولپمنٹ کمیٹی نے اعتراض کیا تھا ۔ اس کمیٹی پر الزام ہے کہ اس نے یہاں کسی بھی طرح کی تعمیر پر ایس سی برادری کے سماجی بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی ۔ تاہم اس کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی ۔ پولیس کے بموجب ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ارکان نے 24 ڈسمبر سے ایس سی افراد کے سماجی بائیکاٹ کا آغاز کردیا تھا ۔ اس سلسلہ میں بات چیت بھی ہوئی جس میں کمیٹی کے ارکان نے ایس سی افراد سے کہا تھا کہ وہ بطور اڈوانس 50 ہزار روپئے جمع کروائیں۔ یہ رقم جمع بھی کروادی گئی تھی اس کے باوجود بائیکاٹ جاری رہا اور ڈیولپمنٹ کمیٹی کے کچھ ارکان نے یہ بھی انتباہ دیا تھا کہ اگر اس کی پولیس کو اطلاع دی گئی تو گاوں کے بائیکاٹ کا آغاز کردیا جائیگا ۔ تاہم ایس سی برادری کے افراد نے پولیس سے مدد طلب کی اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے گاوں کا دورہ کیا ۔ ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ارکان اور دوسرے برادری کے بڑے افراد نے ریوینیو اور پولیس عہدیداروں کی موجودگی میں کونسلنگ کی ۔ دوران تحقیقات پتہ چلا کہ جب امبیڈکر سنگم کی عمارت تعمیر کرنے کا آغاز ہوا تو یہ مسئلہ شروع ہوا تھا ۔ پولیس نے تفصیلات سے آگہی کے بعد 25 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔