حکومت کے عارضی اعلامیہ پر سخت اعتراضات ، ٹی آر ایس قائدین کی خاموشی معنی خیز
نظام آباد۔4 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے میونسپل انتخابات کی انجام دہی سے قبل ڈیویژنوں کی از سر نو حد بندی کرتے ہوئے عارضی طور پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس پر سخت ناراضگیاں ظاہر کی جارہی ہے ۔ شہر نظام آباد کے اقلیتی علاقوں میں جو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کی گئی حد بندی کو لیکر کئی قائدین اس پر اعتراض ظاہر کررہے ہیں ۔ سابق میں میونسپل کارپوریشن کے 50 ڈیویژن تھے اور میونسپل انتخابات میں 17 مسلم کارپوریٹرس منتخب ہوئے تھے لیکن موجودہ تشکیل جدید میں 60 ڈیویژن قائم کئے گئے اور آبادی کے تناسب سے کی گئی حد بندی میں اقلیتی ڈیویژنوں کو لیکر اعتراضات پیش کئے جارہے ہیں ۔ سابق کے ڈیویژن نمبر 20 جو اقلیتی علاقہ میں واقع ہے اس کی حد بندی میں زبردست نقصان ہوا اسی طرح پھولانگ کے ڈیویژن 13 کی بھی حد بند سے شدید نقصان ہوا ہے اور ڈیویژن نمبر 39 کی بھی حد بند ی سے اقلیتوں کو نقصان ہوا ہے ۔ شہر کے مختلف ڈیویژنوں کیلئے زبردست اعتراضات کئے جارہے ہیں اس خصوص میں کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے سخت اعتراضات ظاہر کئے جارہے ہیں لیکن برسراقتدار جماعت کی جانب سے اب تک کوئی اعتراضات ظاہر نہیں کئے گئے شہر نظام آباد کے میونسپل کارپوریشن میں اقلیتی کارپوریٹرس کا دبدبہ تھا لیکن حد بندی کے بعد اقلیتوں کی نمائندگی سے محروم کیا جارہا ہے اس خصوص میں فوری جائزہ لیتے ہوئے اقلیتی قائدین اعتراضات کریں ورنہ بلدی انتخابات میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 ؍ جولائی ہے ۔
