نظام آباد :8؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد شہر کے نواح میں واقع ایس بی آئی بینک خانہ پور شاخ میں لوٹ کی سنسنی خیز واردات منظر عام پر آئی ۔ بینک کے عقبی حصہ میں واقع کھڑکی کو نقصان پہنچا کر سارق اندر داخل ہوا اور لاکر اسٹرانگ روم تک پہنچ گیا جس کیلئے اس نے آہنی راڈ کا استعمال کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی لیکن نقد رقم یا زیورات اس کے ہاتھ نہیں لگے اگر لاکر روم توڑ میں سارق کامیاب ہوجاتا ایسی صورت میں بڑی رقم اور زیورات سرقہ ہونے کا قوی امکان تھا۔ پیر کی رات دیر گئے یہ واردات انجام دی گئی ۔ منگل کے دن بینک کا عملہ پہنچنے پر اس واردات کا انکشاف ہوا ۔ اے سی پی ، سرکل انسپکٹر نے مقام واردات کا دورہ کرتے ہوئے پنچنامہ کیا ۔ سی سی کیمرہ میں دکھائی دینے والا سارق دوسری ریاست سے تعلق ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے ۔ بینک کے لاکر میں 10لاکھ روپئے نقد رقم اور طلائی زیورات موجود تھے لیکن سارق لاکر کر توڑنے میں ناکام رہا ۔ سی سی کیمرہ کی بنیاد پر پولیس سارق کو تلاش کررہی ہے ۔
کرن کمار، نظام آباد اے سی پی مقرر
نظام آباد :8؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے کرن کمار کو مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔کرن کمارقبل ازیں کمشنریٹ ٹاسک فورس اے سی پی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ یہاں پر خدمات انجام دینے والے سابق اے سی پی وینکٹیشور کا ڈی جی پی آفس پر تبادلہ عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہیں حیدرآباد چیف آفس پر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ وینکٹیشور گذشتہ دیڑھ سالہ عرصہ سے نظام آباد اے سی پی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔