بی جے پی میں گروپ بندی میں اضافہ، پارٹی کونسلر کی ٹی آر ایس میں شمولیت
نظام آباد۔ 11 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک کے بعد ایک دھکہ لگتا جارہا ہے بی جے پی کے منتخب کارپوریٹرس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرتے جارہے ہیں ۔ بی جے پی کے ڈیویژن نمبر 45 کی کارپوریٹر آکولہ ویما لتا سرینواس نے آج رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا سے ملاقات کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا کی قیادت میں ٹی آرایس میں شمولیت کا اعلان کرنے پر کے کویتا نے پارٹی کھنڈوا پہنا کر ان کا خیر مقدم کیا ۔ قبل از بی جے پی 3 تا 4 کارپوریٹرس پارٹی سے علیحد گی اختیار کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نظام آباد ڈی اروند بی جے پی کو مستحکم قرار دیتے ہیں لیکن ان کی خود کی پارٹی میں ان کا کوئی پرُسان حال نہیں ہے جس کی وجہ سے پارٹی کے منتخب کارپوریٹرس علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آرہے ہیں اور ڈی اروند کی کامیابی کے بعد سے بی جے پی میں گروپ بندیوں میں بھی اضافہ ہو اہے حال ہی میں بی جے پی کے سینئر قائد و سابق رکن اسمبلی نے اپنے وجود کی بقاء کیلئے پولیس کمشنر آفس کے روبرو ان کے حامی پر درج کردہ کیس کو برخواست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر دھرنا بھی دیا تھا اور اس موقع پر یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ بی جے پی میں گروپ بندیوں کی وجہ سے آپسی اختلافات میں اضافہ ہے جس کی وجہ سے کارپوریشن میں بڑی تعداد میں کامیابی کے باوجود بھی بی جے پی کے کارپوریٹرس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔