نظام آباد میں بین مذاہب امن ریالی، فرقہ پرستی کو ناکام بنانے کی کوشش، ڈی سنجے کا خطاب

   

نظام آباد: 28؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے مقصد سے سابق میئر نظام آباد دھرم پوری سنجے کی قیادت میں بین المذاہب امن ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ریالی کا آغاز صبح گاندھی چو ک نظام آباد سے ہوا جہاں ڈی سنجے نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ بعد ازاں ریالی مختلف علاقوں سے گذرتی ہوئی بس اسٹانڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریالی میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سمیت تمام مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، مذہبی رہنما ئوں اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بھائی چارہ اور باہمی احترام کا عملی مظاہرہ کیا۔ریالی سے خطاب کرتے ہوئے دھرم پوری سنجے نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو ناکام بنانے اور اتحاد کے پیغام کو مضبوط کرنے کیلئے اس امن ریالی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ریالی سے مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مولانا سید سمیع اللہ قاسمی، مولانا کریم الدین کمال، شیخ حسین، پادری زکریا آنند، پادری جوزف، راملو پاسٹر، پجاری لنگیاہ اور سکھ برادری کے نمائندہ کرپال سنگھ سوڈی سمیت دیگر مقررین نے مذہبی ہم آہنگی کو ملک کی اصل طاقت قرار دیا۔