نظام آباد میں دوگروپوں میں جھگڑا سابق کارپوریٹر کے بھائی شدید زخمی

   

نظام آباد :23؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دو گروپوں کے درمیان ہوئے جھگڑے میں سابق مجلس کارپوریٹر محمد نصیر کے برادر محمد شریف بری طرح زخمی ہونے پر انہیں حیدرآباد کے ایک خانگی دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے ۔ سب انسپکٹر V ٹائون کی اطلاع کے بموجب چار دن قبل پٹرول پمپ کے پاس معمولی سڑک حادثہ ہوا تھا اس بارے میں شریف اور عارف کے درمیان جھگڑا ہو اتھا جس پر عارف نے کل شام مجاہد نگر مالاپلی میں واقع پارکنگ پر پہنچ کر شریف اور ابراہیم پر عارف ، ابو ، عثما ن و دیگر نوجوانوں نے لاٹھیوں اورراڈ وں سے حملہ کردیا جس کی وجہ سے شریف بری طرح زخمی ہونے پر انہیں سرکاری دواخانہ نظام آباد میں بھرتی کروایا گیا تھا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا اور ایک خانگی دواخانہ میں زیر علاج ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے اور شریف کا علاج وینٹی لیٹر پر کیا جارہا ہے ۔ سابق کارپوریٹر محمد نصیر کی شکایت پر پولیس نے عارف ، ابو ، عثمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ شہر نظام آباد میں گذشتہ چند دنوں سے گروپ بندیوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور آپسی اختلافات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایک دوسرے کے خلاف منصوبہ بند طریقہ سے حملہ کررہے ہیں پولیس شہر میں غیر مجاز طور پر چلائے جانے والے کاروبار کے خلاف سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے گروپ بندیوں کو ختم کرنے کی شہریان کی جانب سے اظہار کیا جارہا ہے ۔پولیس اس خصوص میں مزیداقدامات نہ کرنے کی صورت میں اور بھی گروپ بندیوں میں اضافہ کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔