نظام آباد میں دو روزہ پدیاترا سے کانگریس کارکنوں میں نیا جوش

   

ریاستی کانگریس اُمور انچارج میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی قیادت کی ستائش

نظام آباد۔6 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ضلع نظام آباد میں نکالی گئی دو روزہ جناہت پدیاترا نے کانگریس کارکنوں اور قائدین میں نیا جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ ریاستی کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن اور صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں منعقدہ اس یاترا کو عوام کی جانب سے بھی زبردست تائید حاصل ہوئی۔ پدیاترا میں ضلع کے تمام اہم قائدین نے متحد ہو کر بھرپور شرکت کی جس سے مقامی سطح پر پارٹی میں نیا جوش پیدا کیا تفصیلات کے مطابق حالیہ عرصے میں عہدوں سے محروم اور غیر فعال رہنے والے قائدین بھی اس یاترا کے دوران متحرک نظر آئے تاکہ قیادت کی نظر میں آئیں۔ صدر ٹی پی سی سی چونکہ اسی ضلع سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے پارٹی کے تمام سینئر قائدین نے ان کی قیادت میں اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پدیاترا کے دوران ضلع کے پانچوں اسمبلی حلقوں میں مقامی کارکنوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔کانگریس قیادت نے واضح اشارہ دیا کہ آئندہ مقامی اداروں کے انتخابات میں ان ہی کارکنوں اور قائدین کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے گزشتہ دس برسوں میں پارٹی کے لیے سنجیدگی سے کام کیا ہے۔ اس اعلان سے کیڈر میں اعتماد بحال ہوا ہے کہ انہیں حقیقی طور پر نمائندگی دی جائے گی۔مہیش کمار گوڑ نے اعلان کیا کہ کانگریس آئندہ میونسپل اور مقامی ادارہ جات کے انتخابات میں ضلع بھر میں کلین سوئپ کرے گی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھی تمام حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں زیر التوا مسائل بالخصوص سرکاری انجینئرنگ کالج، زرعی یونیورسٹی اور جوکرن پلی ایئرپورٹ جیسے ترقیاتی وعدوں کو جلد پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے جڑنے والی مندر سیاحتی سے مربوط کیا جائے گا جس سے ترقیاتی امکانات میں اضافہ ہوگا۔اگرچہ ضلع کے دو اسمبلی حلقوں میں داخلی اختلافات موجود ہیں لیکن جناہت پدیاترا کے دوران تمام قائدین نے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ یاترا کے کامیاب انعقاد میں ضلعی قیادت بھی مکمل طور پر ہم آہنگ رہی۔واضح رہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آئے 18 ماہ گزر چکے ہیںلیکن دیہی اور منڈل سطح پر قائدین و کارکنوں کو تاحال کوئی سرکاری عہدے حاصل نہیں ہوئے۔ اس سے کیڈر میں کچھ ناراضگی پائی جا رہی تھی، تاہم پدیاترا نے اس بے چینی کو کم کرتے ہوئے نیا جوش پیدا کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر پی سی سی نے ضلعی قیادت کو نرمی سے خبردار بھی کیا ہے کہ سست روی یا غیر سنجیدگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام قائدین سے اپیل کی کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے کے لیے یکجہتی کے ساتھ کام کریں۔گروپ بندیوں سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی اور سروے کے بنیاد پر مقامی ادارہ جات کے انتخابات میں ٹکٹ دینے کا واضح طور پر اعلان کیا اس اعلان کے بعد کارکنوں میں ایک نیا جوش پیدا ہوا ہے ہر کارکن اپنے اپنے علاقوں میں عوام مسائل کے حل کے لیے مصروف نظر آ رہے ہیں متوقع امیدوار ابھی سے اپنے سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے تاکہ ٓائندہ انتخابات سے قبل پارٹی کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں ان کا مظاہرہ بہتر ہے اور ٹکٹ حاصل کرنے میں اسانی پیدا ہو۔