نظام آباد۔ 13 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر نظام آباد مسٹر سائی چیتنیاکی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع میں ’’Arrive Alive‘‘ (اریو الائیو) کے عنوان سے روڈ سیفٹی بیداری مہم کا باقاعدہ آغاز عمل میں آیا۔ اس موقع پر پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے عوام سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ منگل کو ضلع مرکز کے راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں منعقدہ قومی روڈ سیفٹی ماہانہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سڑک حادثات کی روک تھام پر زور دیا۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال2020-21 کے دوران کووڈ سے ہونے والی اموات کے مقابلے میں سڑک حادثات میں جانیں ضائع ہونے کی تعداد کہیں زیادہ رہی۔ انہوں نے بتایا کہ دو برسوں میں تقریباً 200 افراد کووڈ سے فوت ہوئے، جبکہ سال 2025 میں 250 افراد سڑک حادثات کا شکار بنے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران ماسک پہن کر احتیاط کی گئی، مگر گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ پہننے کے سبب لاپرواہی جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ تقریب میں بین الاقوامی باکسنگ کھلاڑی اور ارجن ایوارڈ یافتہ حُسام الدین نے سڑک حادثے میں خاندانی نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے احتیاط کی اپیل کی، جبکہ وِشنو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے نیورو سرجن رمنیشور نے ہیلمٹ پہننے اور موبائل فون کے بغیر ڈرائیونگ پر زور دیا۔ بعد ازاں روڈ سیفٹی حلف دلایا گیا، ٹی شرٹس اور ٹریفک بیداری کے پلے کارڈس جاری کیے گئے اور وشنو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے تعاون سے 100 ہیلمٹ مفت تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی (ایڈمن) بی بسوا ریڈی، ضلع ٹرانسپورٹ افسر اما مہیشور، آر ٹی سی ڈپو مینیجر بی ایس آنند، آئی ایم اے صدر اے وشال، اے سی پی راجا وینکٹ ریڈی، ٹریفک اے سی پی سید مستان علی کے علاوہ مختلف ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، آٹو و کیب ڈرائیور اسوسی ایشنز اور تاجر برادری کے نمائندے نے شرکت کی ۔
