عوام کو قرض کے بوجھ تلے دبانے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں
نظام آباد۔ 24 اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا کی ہدایت پر ضلع کے مختلف مقامات پر سود خوروں اور غیر قانونی فینانس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی پولیس نے نظام آباد، آرمور اور بودھن ڈویژن میں اچانک دھاوے کرتے ہوئے غیر مجاز فینانس کاروباریوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بغیر کسی اجازت یا رجسٹریشن کے بعض عناصرفینانس کے نام پر بھاری شرح سود وصول کرتے ہوئے غریب و متوسط طبقہ کو شدید معاشی مشکلات میں مبتلا کررہے ہیں۔ اسی پس منظر میں پولیس نے یہ آپریشن انجام دیا۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے واضح کیا کہ انسانی کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو قرض کے بوجھ تلے دبانے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ضلع میں غیر قانونی سودی کاروبار کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کارروائی کے دوران پولیس کو بڑی تعداد میں چیک، پرامسری نوٹس، بانڈ پیپرز، اراضی کے دستاویزات اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق نظام آباد میں 137 چیک ضبط کئے گئے جن کی مالیت 10 کروڑ 14 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ آرمور میں 62 چیک برآمد ہوئے جن کی مالیت 30 لاکھ ہے۔ پرامسری نوٹس میں نظام آباد سے 170 نوٹس برآمد ہوئے جن کی مالیت 7 کروڑ 10 لاکھ ہے اور آرمور سے 324 نوٹس برآمد ہوئے جن کی مالیت تقریباً 5 کروڑ بتائی گئی۔ آرمور سے مزید 49 بانڈ پیپرز بھی حاصل کئے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ 85 لاکھ روپے ہے۔ اسی طرح نظام آباد سے 99 اراضی دستاویزات اور آرمور سے 5 دستاویزات ضبط کئے گئے۔ علاوہ ازیں نظام آباد شہر سے ایک کروڑ 21 لاکھ 92 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کا مقصد عوام کو سود خوروں کے چنگل سے نجات دلانا اور غیر قانونی مالیاتی کاروبار کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔