رکن اسمبلی نے خود ڈی جے گاڑی کی ڈرائیونگ کی، منتظمین اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی
نظام آباد 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر پر نظام آباد میں اس وقت کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی جب سری رام نومی کے موقع پر منعقدہ ایک یاترا کے دوران ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کو لے کر پولیس اور منتظمین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ شہر کے حمال واڑی علاقہ میں سنتوشی ماتا (سائی بابا) مندر کمیٹی کی زیر نگرانی یہ یاترا منعقد کی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔پولیس کے مطابق شوبھا یاترا میں ڈی جے سسٹم کے استعمال کی کوئی پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی جس پر اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران منتظمین اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس سے حالات کشیدہ ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر نظام آباد اربن کے رکن اسمبلی دھن پال سوریہ نارائنا موقع پر پہنچے اور پولیس کو سمجھانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بغیر اجازت ڈی جے کے استعمال کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا۔اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے خود ڈی جے کی گاڑی کی ڈرائیونگ سنبھال لی اور شوبھا یاترا کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے موقع پر موجود رہ کر جلوس کی قیادت کی جس کے بعد یہ واقعہ شہر میں موضوع بحث بن گیا ہے ۔