نظام آباد میں شہریت قانون کیخلاف احتجاجی ریالیاں

,

   

سی اے اے اور این آر سی کے خلاف شدیدغم و غصے کا اظہار، مرکزی حکومت پر نفرت کی سیاست کا الزام

حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں مختلف تنظیموں نے شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) اور مجوزہ این آر سی کے خلاف احتجاجی جلوس اور جلسوں کا اہتمام کیا ۔ پرانا شہر کے چارمینار میں ایسا ہی جلوس اور جلسہ منظم کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی اور 12افراد کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا گیا ۔ نظام آباد میں پولیس نے کہاکہ نظام آباد میں مختلف تنظیموں کی طرف سے احتجاجی جلسہ اور جلوس کااہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا ۔ احتجاجیوں نے حکومت سے حال ہی میں نوترمیم شدہ شہریت قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جن پر ’’ سی اے اے غیرقانونی ہے ‘‘ سی اے اے اور این آر سی نہیں چاہیئے ‘ کے نعرے درج تھے ۔ صدر ضلع جمعیت العلماء حافظ محمد لئیق خان کی جانب سے ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے شہریت ترمیمی قانو ن کے خلاف لائحہ عمل کو ترتیب دیا تھاجس میںکل جماعتی قائدین نے شرکت کی اور نظام آباد بند کے ذریعہ احتجاج درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا چنانچہ آج مسلمانوں نے بند میں حصہ لیا اور صبح 10بجے سے ہی بودھن روڈ پر واقع گرائونڈ پر ہزاروں کی تعدا د میں ہندو مسلم جمع ہوئے ۔اس موقع پر صدر جمعیت العلماء( محمود مدنی گروپ )مولانا سید ولی اللہ قاسمی ، مولانا خضر قاسمی ، حافظ لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء ( ارشدمدنی گروپ ) ، بھیم سیم پارٹی کے ریاستی صدر سجیت ، ضلع صدر لکشمن ، جمعیت اہلحدیث کے عمران سلفی ، سینئر کانگریس قائد طاہر بن حمدان ،سید نجیب علی ایڈوکیٹ، ٹی آرایس کے قائدین یٰسین صابری ، رفعت محمد خان، طارق انصاری ، میر مجاز علی ، ایم اے قدوس ، نوید اقبال ، مولانا کریم الدین کمال، عمران شہزاد ، سید مجاہد علی ببو، ایم اے باری ، رفیق قریشی، ارشد پاشاہ ( بودھن) ، مجاہد خان سابق کارپوریٹر کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین نے شرکت کی ۔اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانونی بل کو متعارف کرتے ہوئے دستور کی خلاف ورزی کی ۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں پر تمام مذاہب کے ماننے والے ہیں اور ان کو مساوی حقوق ہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے جو بل پیش کیا گیا اور یہ قانون مسلمانوں کے مفادات کے خلاف ہے صدیوں سے مسلمان اس ملک میں رہ رہے ہیں اور جنگ آزادی میں ملک کو آزاد کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دیتے ہوئے حب الوطنی کی مثال پیش کی تھی جو لوگ آزادی کی لڑائی میں خاموش تھے آج وہ اقتدار پر ہیں اور اقتدار پر رہتے ہوئے ملک میں ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے کے علاوہ نفرت کی سیاست پھیلارہے ہیں ۔ این آر سی اور سی اے اے کے متعارف کے بعد ملک میں حالات انتہائی ابتر ہوگئے ہیں اور ہر طرف سے اس قانون کی مخالفت کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود حکومت اپنی غلطیوں کو چھپانے کیلئے بلند بانگ دعویٰ کررہی ہے قائدین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی عوام کو جھوٹی دلیلیں پیش کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلمان اپنے حقوق کے حصول کیلئے کبھی بھی خاموش تماشائی نہیں رہے اور آئندہ بھی نہیں رہیں گے نظام آباد شہر میں پہلی مرتبہ اس طرح کی ریالی دیکھنے کو ملی ۔ آج کی ریالی کے دوران کئی تلگو ٹی وی سے وابستہ چینلوں نے راست ٹیلی کاسٹ کرنا شروع کیا تو پولیس نے فوری انٹرنیٹ کو روک دیا اور ایک گھنٹہ سے زائد وقفہ تک انٹرنیٹ سرویس بھی معطل رہی ۔ ریالی کی کامیابی پر شرکاء نے اظہار تشکر کیا ۔