نظام آباد میں صفائی نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات

   

نظام آباد :رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا ، رکن اسمبلی رورل نظام آباد باجی ریڈی گوردھن ، مئیر نیتو کرن ، ڈپٹی مئیر ادریس خان کے ہاتھوں آج میونسپل کارپوریشن کے نئے آٹو ٹرالی ٹراکٹر ، ٹپر ، جملہ 70 نئے گاڑیوں کا کلکٹر گرائونڈ پر افتتاح عمل میں لایا ۔ 14ویں معاشی سنگم کے فنڈ 6.50 کروڑ روپئے سے 70 گاڑیوں کی خریدی عمل میں لاتے ہوئے شہر میں سینٹیشن نظام کو بہتر بنانے کیلئے گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ گاڑیوں کے افتتاح کے بعد رکن اسمبلی نظام آباد ( اربن ) ، مئیر نیتو کرن ، کمشنر جتیش وی پاٹل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر اور ڈیوائیڈرس ، روشنی و دیگر انتظامات دئیے جارہے ہیں اسی طرح شہر میں کچرے کی نکاسی کے بعد کچرا ڈمپنگ یارڈ تک منتقل کرنے کیلئے ہر ڈیویژن میں ایک نئی گاڑی فراہم کرنے کیلئے جملہ 70 گاڑیاں خریدی گئی اور ان 70 گاڑیوں کیلئے نئے ڈرائیورس اور 300 سینٹیشن لیبرس کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے اور شہر میں کل سے یہ گاڑیاں اپنا کام شروع کرے گی ۔ مسٹر گنیش گپتا نے بتایا کہ شہر میں بہتر سے بہتر صفائی کے کام گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے طرز پر انجام دینے کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں عوا م کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ان گاڑیوں کی خریدی کی گئی اس کے علاوہ اور بھی گاڑیاں ضرور ت پڑنے پر خریدنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اس موقع پر مقامی ادارہ جات کے اڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا کے علاوہ کارپوریٹرس و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔