نظام آباد، 17 اکٹوبر (محمد جاوید علی) نظام آباد میں ایک واردات میں دو پولیس اہلکاروں پر مجرم نے چاقو سے حملہ کر دیا۔ اس واقعہ میں سی سی ایس کے کانسٹیبل پرمود کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ایس آئی وٹھل زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق عادی مجرم ریاض پر چوری، قتل اور چین چھیننے جیسے مقدمات ہیں۔ جمعہ کو سی سی ایس پولیس نے ریاض کو گرفتار کر کے اسٹیشن منتقل کر رہی تھی ۔ کانسٹیبل پرمود موٹر سائیکل چلا رہا تھا اور ریاض اس پر سوار تھا، ایس آئی وٹھل دوسری موٹر سائیکل پر آرہے تھے۔راستے میں، ونائک نگر کے قریب ریاض نے اچانک چاقو سے پرمود پر کئی وار کئے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ پرمود کو بچانے کوشش میں سب انسپکٹر وٹھل بھی زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور ریاض فرار ہوگیا۔شدید زخمی پرمود کو فوری ضلع اسپتال منتقل کیا، مگر وہ راستے میں ہی جانبر نہ ہوسکا ۔ ایس آئی وٹھل کی حالت فی الحال خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔اس واقعہ کے بعد پولیس میں سنسنی پھیل گئی ۔ ضلع پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے واقعہ کا سخت نوٹ لے کر مفرور مجرم کی گرفتاری کیلئے مہم شروع کردی ہے۔واقعہ پر پولیس محکمہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے ۔