طلائی زیورات کے سرقہ کے بعد بہیمانہ قتل کا شبہ، پولیس مصروف تحقیقات
نظام آباد:3 ؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے نیالکل روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک معمر خاتون کا بہیمانہ قتل کردیا اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے ملتے ہی Vٹائون پولیس ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اے سی پی نظام آباد سرینواس نے بتایا کہ Vٹائون کے علاقہ نیالکل روڈ پر مقیم بی سائماں نامی معمر خاتون گذشتہ 15 دنوں سے اپنے بڑے لڑکے کے پاس حیدرآباد میں مقیم تھی ۔ کل شام 6 بجے نظام آباد پہنچ کر ذریعہ آٹو اپنے مکان پہنچی اور رات محوخواب تھی، آج صبح اس کے افراد خاندان نے اسے جگانے کی غرض سے اس کے گھر پہنچ کر دیکھا تو یہ خون میں پڑی ہوئی ہے ۔ اور اس کے چہرے پر ایسیڈ بھی ڈالا گیا اور اس کے جسم سے طلائی زیورات بھی غائب تھے ۔ جس پر فوری پولیس کو اطلاع دینے پر سب انسپکٹر Vٹائون جان ریڈی، سرکل انسپکٹر ٹائون نریش ، اے سی پی سرینواس یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کیا اور پولیس اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ پولیس اس خصوص میں مصروف تحقیقات ہے مقامی افراد نے بتایا کہ معمر خاتون اپنے روم میں تنہا تھی اور اس کے جسم پر طلائی زیورات تھے آٹو ڈرائیور پر شک ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ کو آٹو ڈرائیور کی جانب سے بھی قتل کیا جاسکتا ہے ۔ پولیس تمام پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔
