نظام آباد میں مفت طبی معائنے کے اقدامات

   

جدید ڈائگناسٹک سنٹر کا افتتاح ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا خطاب

نظام آباد :حکومت کی جانب سے مریضوں کو مفت معائنہ کرنے کیلئے تعمیر کردہ جدید ڈائیگناسٹک سنٹر کا آج وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا ایم ایل سی وی جی گوڑ ، ضلع کلکٹرنارائن ریڈی ، مئیر نیتو کرن ، سپرنٹنڈنٹ پرتیما راج کے ہمراہ اس کا افتتاح عمل میں لایا ۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ غریب عوام کو چار طرح کی طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے طبی شعبہ میں تاریخی تبدیلیاں عمل میں لارہے ہیں تلنگانہ کے نام پر ڈائیگناسٹک سنٹر نظام آباد سرکاری دواخانہ میں 5 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور یہ جدید ڈائیگناسٹک سنٹر میں 57 طرح کے ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ غریب عوام کو علاج و معالجہ کیلئے دواخانہ تک پہنچنے کیلئے ایمبولنس کی سہولت اور بغیر فیس کے معائنہ ، ادویات اور ڈاکٹر کی بھی کوئی فیس نہیں ہے اس طرح چار طرح سے مریضوں کی مدد کی جارہی ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے غریبوں کیلئے ایمبولنس کی سہولت کی جارہی ہے ۔ سابق میں مریضوں کو معائنہ کیلئے خانگی لیابس کے چکر کاٹنا پڑتا تھا لیکن اب دواخانوں میں ہی مفت میں معائنہ کئے جائیں گے ۔ تمام سرکاری دواخانوں میں خون کے نمونہ حاصل کرتے ہوئے نمونہ ڈائیگناسٹک سنٹرکو دواخانہ کا عملہ روانہ کریں گے اور رپورٹ حاصل کریں گے ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ دواخانوں میں ادویات کی قلت کو بھی دور کیا گیا ہے ۔سابق میں دواخانوں میں ادویات کی قلت تھی لیکن چیف منسٹر دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے ہر طرح کی سہولت فراہم کررہے ہیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ ضلع کے سرکاری دواخانوں سے خون کے نمونہ حاصل کرنے کیلئے 6 ویان بھی رکھے گئے ہیں اس ویا ن کا پرشانت ریڈی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا گیا ۔ رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا نے نظام آباد کے سرکاری دواخانہ میں ڈائیگناسٹک سنٹرقائم کرنے پر چیف منسٹر چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا ۔