نظام آباد میں مفرور ملزم کی تلاش جاری

   

فائرنگ کی اطلاعات ۔ پولیس نے توثیق نہیں کی
نظام آباد 18 اکٹوبر ( محمد جاوید علی ) نظام آباد میں کل شام گرفتاری کے دوران پولیس کانسٹیبل کا قتل کردینے والے ملزم ریاض کی تلاش میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ اس واردات نے ساری ریاست میں سنسنی پیدا کردی تھی اور پولیس پر حملہ کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا تھا ۔ نظام آباد میں گزشتہ رات پیش آئے افسوسناک واقعہ نے محکمہ پولیس کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد آج ملزم ریاض کی تلاش میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور پوری مستعدی سے اس کی تلاش کی جا رہی ہے ۔ ہفتے کی رات نظام آباد کے ایک علاقہ میں نہر کے قریب ریاض کی موٹر سائیکل برآمد ہونے کی بھی اطلاع ہے اور پولیس نے یہاں شدت سے تلاش شروع کردی ہے ۔ بعض غیرمصدقہ ذرائع نے فائرنگ ہونے کی بھی اطلاع دی ہے تاہم پولیس نے اس کی توثیق یا تصدیق نہیں کی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ فورس کو دیکھ کر ملزم نے نہر میں چھلانگ لگادی ہو ۔ نہر کے اطراف کا سارا علاقہ عملا پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔