طبی فضلاء کو قواعد کے مطابق ضائع کئے جائیں، کلکٹر کی ہدایت
نظام آباد۔ 12 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے واضح کیا کہ اسپتالوں سے نکلنے والے طبی فضلاء کو قواعد کے مطابق ضائع نہ کرنے والے سرکاری و خانگی دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے آج جکران پلی منڈل کے پڈکل گاؤں میں واقع ’’سری میڈیکیر سرویسیس ایجنسی‘‘ کے زیرِ انتظام میڈیکل ویسٹ ڈسپوزل پلانٹ کا معائنہ کیا۔ کلکٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں تقریباً 900 سرکاری و خانگی اسپتال موجود ہیں مگر ان میں سے نصف سے بھی کم اسپتالوں کا طبی فضلہ باقاعدہ طور پر اکٹھا نہیں کیا جا رہا۔ اس لاپرواہی کے باعث بعض خانگی دواخانے فضلاء کو جہاں چاہے وہاں پھینک رہے ہیں جس سے عوام کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راج شری کو ہدایت دی کہ جو اسپتال کنٹراکٹ ایجنسی کے ذریعہ فضلہ حوالہ نہیں کر رہے ہیں ان کو نوٹس جاری کی جائے اور اگر اس کے باوجود خلاف ورزی جاری رہی تو ان اسپتالوں کے اجازت نامے منسوخ کر دیئے جائیں۔ مزید کہا کہ کنٹراکٹ ایجنسی پر لازم ہے کہ وہ روزآنہ تمام اسپتالوں سے فضلاء جمع کرے، بصورت دیگر ایجنسی کا معاہدہ ہی منسوخ کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب کلکٹر ٹی۔ونئے کرشنا ریڈی نے اچانک ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع گنگاستان فیز-1 کے ’’سینٹرل ڈرگ اسٹور‘‘ (سی۔ڈی۔ایس) کا بھی معائنہ کیا۔