نظام آباد: 18/ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد شہر کے سبھاش نگر میں واقع کاکتیہ اولمپیا اسکول میں ٹریفک پولیس کی جانب سے شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں طلبہ کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت کے بارے میں شعور بیدار کیا گیا اس پروگرام مہمان خصوصی کی حیثیت سے اے سی پی سید مستان علی نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید مستان علی نے کہا کہ نابالغ طلبہ کا تعلیم پر توجہ نہ دے کر موٹر سائیکل چلانے کی جانب راغب کرنا نہایت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ کا مکمل تجربہ نہ رکھنے والے نابالغ طلبہ تیز رفتاری سے مین روڈز پر گاڑیاں چلا کر نہ صرف خود کے لیے بلکہ اپنے خاندان کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔اے سی پی نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے میں ان کی رہنمائی کریں تاکہ وہ مستقبل میں کامیاب انسان بن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے جیسے نظام آباد شہر ترقی کر رہا ہے، ٹریفک نظم و ضبط اور قوانین پر عملداری مزید اہمیت اختیار کر چکی ہے۔انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اسکول بس ڈرائیورس کی صحت اور ڈرائیونگ فٹنس کی مکمل جانچ کے بعد ہی انہیں ڈیوٹی پر تقرر کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا کی ہدایت پر روڈ سیفٹی کے قوانین پر شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔پروگرام میں اسکول ڈائریکٹر سی ایچ راموجی راؤ، پرنسپل چندرشیکھر راؤ، انچارج وائی کے سمپت اور دیگر اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔