معمولی بارش میں بھی بعض علاقے جھیل میں تبدیل ، بلدیہ کی مجرمانہ لاپرواہی ، عوام پریشان
نظام آباد: شہر نظام آباد میں کل رات سے ہوئی بارش کے باعث بودھن روڈ ، ریلائنس پٹرول سے لیکر محبوب سبحانی چھلہ تک پانی جمع ہوگیا پانی کی عدم نکاسی کے باعث عوام کو انتہائی تکالیف ہورہی ہے ، نہ صرف کل رات سے بلکہ کئی سالوں سے بارش کے موقع پر عوام کو انتہائی تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مستقل طور پر پانی کی عدم نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ دن بہ دن سنگین بنتا جارہا ہے اور معمولی بارش سے بھی اس علاقہ میں رہنے والوں کیلئے تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔تفصیلات کے بموجب شہر نظام آباد کے ریلائنس پٹرول پمپ ، بودھن روڈ سے لیکر محبوب سبحانی چھلہ تک اس علاقہ سے متصلہ گوشالہ روڈ ، بابن صاحب پہاڑی ، وینگل رائو نگر کالونی ، پنٹر کالونی ، مجاہد نگر کے علاقوں سے بارش کا پانی بڑے پیمانے پر جمع ہوتا ہے اور ریلائنس پٹرول پمپ سے لیکر محبوب سبحانی چھلہ تک پانی جمع ہوکر جھیل کا منظر نظر آتا ہے۔ کل رات اور آج دوپہر تک بارش کا سلسلہ جاری رہا ، وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر یہاں پر پانی جمع ہوگیا ہے نہ صرف را ہ چلنے والے بلکہ اس علاقہ کے دوکانداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بارش کا پانی دکانات میں داخل ہوتا جارہا ہے ۔ اس علاقہ میں مستقل طور پر پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یہاں پر ایک کلورٹ تعمیر کیا گیا تھا لیکن یہ کلورٹ سے بھی پانی کی نکاسی نہیں ہورہی ہے گذشتہ کئی سالوں سے عوام کو بارش کے موقع پر اس کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر کا یہ علاقہ بالخصوص اقلیتی علاقوں میں بغیر لے آئوٹس کے پلاٹس اور ڈرینس کی عدم تعمیر کی وجہ سے بھی بعض علاقوں سے پانی اس علاقہ میں جمع ہوتا جارہا ہے ۔ شہر کی ترقی کیلئے کارپوریشن کی جانب سے کئی سالوں سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن اس مسئلہ کے حل کیلئے ابھی تک مستقل انتظامات نہیں کئے گئے ۔ کل رات سے ہورہی بارش پر پانی جمع ہونے پر سوشل میڈیا پر اس مسئلہ کو لیکر بڑے پیمانے پر تنقیدیں کی جارہی ہے ۔ اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اور رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے اس مسئلہ کے حل کیلئے مستقل طور پر کوئی انتظامات نہیں کیا ہے حالانکہ پانی جمع ہونے کے بارے میں عہدیدار اچھی طرح واقف ہے لیکن اس باوجود بھی جنگی خطوط پر اقدامات نہیں کئے گئے ۔ مسٹر طاہر بن حمدان نے ضلع کلکٹر سے بھی اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے اس کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔ اس بارے میں کارپوریشن کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر بتایا کہ پٹرول کے پاس کلورٹ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے منظور کئے گئے بارش کے بعد کلورٹ کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جائیں گے لیکن فوری طور پر پانی کی نکاسی کیلئے ابھی تک کوئی انتظامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے معمولی بارش بھی راہ چلنے والوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے ۔