نظام آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ مریض فرار

   

Ferty9 Clinic

ضلع ہیڈ کوارٹر میں اسٹاف و ڈاکٹرس پریشان ۔ عوام میں ہلچل
حیدرآباد ۔ /17 مارچ (سیاست نیوز) نظام آباد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں کرونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ مریض کی موجودگی سے گزشتہ دن زبردست گڑبڑ و ہلچل مچ گئی ۔ کیونکہ اس مشتبہ مریض میں کرونا وائرس کی تمام نشانیاں پائی گئیں اور ان شکوک و شبہات کی بنیاد پر مشتبہ مریض کو علحدہ وارڈ کو منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اچانک مریض کے راہ فرار اختیار کرجانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دن نظام آباد شہر سے تعلق رکھنے والا ایک 35 سالہ نوجوان گزشتہ دنوں کے دوران کسی مصروفیات کے پیش نظر مہاراشٹرا روانہ ہوا ۔ جہاں اس نے ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد نظام آباد واپس ہوا ۔ لیکن واپسی کے فوری بعد 35 سالہ نوجوان شدید بخار ، زکام اور کھانسی میں مبتلا ہوگیا جس کے باعث وہ ازخود نظام آباد ہیڈکوارٹر ہاسپٹل پہونچکر تیسری منزل پر روانہ ہوکر ڈاکٹروں کو صورتحال سے واقف کروایا اور ڈاکٹروں نے اس مشتبہ کرونا وائرس سے متاثرہ نوجوان کی مکمل تشخیص کرنے کے بعد سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل ڈاکٹر ناگیشور راؤ سے رجوع کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر ناگیشور راؤ نے شدید بخار ، زکام و کھانسی میں مبتلا شخص کو علحدہ وارڈ میں منتقل کرنے کی ضروری ہدایات دیں اور ان ہدایات کی روشنی میں مشتبہ طورپر کرونا وائرس سے متاثرہ اس شخص کو علحدہ وارڈ منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اس بہانہ کے ساتھ کہ اپنے افراد خاندان کو حالات سے واقف کرواکر آئے گا ۔ جس پر اس شخص کو قریب میں پائے جانے والے افراد کے پاس جانے کی اجازت دینے پر اس شخص نے تیزی کے ساتھ وہاں سے راہ فرار اختیار کرجانے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں ۔ اس صورتحال سے حیران پریشان ہاسپٹل اسٹاف اس شخص کی تلاش شروع کردی لیکن اس کا پتہ نہیں چل سکا جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل نظام آباد کے عہدیدار و اسٹاف ارکان نہ صرف حیران ہوئے بلکہ پریشان کن صورتحال سے دوچار ہوگئے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ جب پیش آئے اس واقعہ کی اطلاعات پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل ڈاکٹر ناگیشور راؤ سے بعض مقامی اخباری نمائندوں نے ربط پیدا کرنے پر سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل نظام آباد نے اس واقعہ سے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ناگیشور راؤ کے اس ردعمل پر ربط پیدا کرنے والے مقامی صحیفہ نگاروں نے اپنی حیرانی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ڈاکٹر ناگیشور راؤ نے حقائق کی پردہ پوشی کرنے کیلئے ہی منصوبہ بند انداز میں مذکورہ ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔