نظام آباد میں کورونا کی وباء میں دن بہ دن اضافہ

   

اب تک ضلع میں 119کیسیس سامنے آئے ، مزید سلسلہ جاری

نظام آباد : ضلع نظا م آباد میں کرونا وائرس کی وباء میں دن بہ دن اضافہ ہوتاجا رہا ہے اور ضلع کے کسی نہ کسی مقام پر مثبت کیسس ظاہر ہورہے ہیں اور اب تک ضلع میں 119 کیسس ظاہر ہوئے ہیں ۔ ضلع مستقرپر تین کیسس اور کوٹگیر منڈل کے بکر فارم میں ایک مثبت کیس ظاہر ہوا ہے ۔ شہر کے شیواجی نگر میں ایک شخص اور ونائیک نگر میں دو افراد کرونا وائرس سے متاثر ہونے پر ان میں سے 3 افراد کو حیدرآباد منتقل کیا گیا اور باقی افراد کو ہوم کوارنٹائن کرتے ہوئے ان کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے ۔ ضلع میں کرونا وائرس کی وباء میں دن بہ دن اضافہ کے باعث محکمہ صحت عامہ کے عہدیدار بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ۔ اب تک جو کیسس ظاہر ہوئے ہیں ان میں 5 کیسس کنٹاکٹ کی وجہ سے اور 10 کیس سکنڈ کنٹاکٹ کی وجہ سے ظاہر ہوئے ہیں ۔لاک ڈائون کے بعد کیسس میں اضافہ کے باعث عہدیداروں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے حالانکہ عہدیدار عوام سے بار بار احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرنے کے باوجود بھی عوام اسے نظر انداز کرتے ہوئے وائر س کے پھیلنے میں مدد کررہے ہیں ۔ خاص طور سے مہاجر مزدور اور دیگر مقامات سے نقل و حرکت کرنے والوں کے بارے میں تحقیق کرتے ہوئے ان تمام افراد کے معائنہ کئے جارہے ہیں ۔ نظام آباد میں کوویڈ لیاب کے قیام کے بعد معائنوں میں اضافہ کے امکانات ہیں ۔ اگر معائنہ نہیں کیا گیا تو اور بھی مثبت کیس ظاہر ہونے کے امکانات ہیں ۔ ضلع کے دیہی علاقہ میں 46 کیسس ظاہر ہوئے تو میونسپل کارپوریشن میں 51 اور دیگر شہروں میں 19 کیسس ظاہر ہوئے ہیں ۔ مبارک فارم میں ایک معمر کورونا پازیٹیو ظاہر ہونے پر اس بارے میں دریافت کرنے پر پتہ چلا کہ یہ معمر حال ہی میں حیدرآباد میں زیر علاج تھا اور یہاں پر یہ متاثر ہوا ہے جس پر اس کے افراد خاندان کو ہوم کوارنٹائن کرتے ہوئے ان تمام افراد کے خاندان کے خون کے نمونہ حاصل کئے گئے ۔ ضلع میں بڑھتی ہوئے کرونا کے وباء کے پیش نظر عوام کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔