مریضوں کی تعداد کو دیکھ کر عوام میں ڈر و خوف کی لہر
نظام آباد ۔کورونا وائرس کی وباء میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ 24 گھنٹوں میں 86 کیس ظاہر ہوئے تھے ا ن میں 60کا تعلق نظام آباد سے ہے اور آج 58 کیس ظاہر ہوئے ہیں اور ضلع میں پازیٹیو کیسس کی تعداد تقریباً 784 پازیٹیو کیس ہوچکے ہیں اور ماہ جولائی میں قریب قریب 700 کیسس ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔ ضلع میں اموات بھی بڑھتی جارہی ہے اور مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے عوام میں ڈر و خوف ظاہر ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنے سے گریز کیا جارہا ہے ۔ لاک ڈائون کے موقع پر 61 کیسس ظاہر ہوئے تھے اور اس وقت پرائمری ، سکنڈری کنٹاکٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ہوم کوارنٹائن کیا گیا تھا لیکن اب پازیٹیو کیسس ظاہر ہونے کے باوجود بھی پرائمری اور سکنڈری کنٹاکٹ کے بارے میں کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں اور عوام کو ہوم کوارنٹائن ہوجانے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن ان کا حال چال جاننے کیلئے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی دے رہی ہے ۔ جن لوگوں کی کوویڈ کے باعث موت واقع ہورہی ہے اور پازیٹیو ظاہر ہونے کے باوجود بھی ان کے کنٹاکٹ کھلے عام گھوم رہے ہیں ۔ نظام آباد میں اب تک 784 کیسس ظاہر ہوئے ہیں 24 افراد کی موت واقع ہوئی ہے اور بیشتر افراد کا تعلق شہر سے ہے۔ دیہی سطح پر اب تک 168 کیسس ظاہر ہوئے ہیں نظام آباد اربن میں 350 ، بودھن ، آرمور میں نظام آباد کے بعد زیادہ کیس ظاہر ہورہے ہیں ۔ محکمہ صحت اور پولیس محکموں سے وابستہ ملازمین بھی وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ ضلع میں سرحدوں سے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بعض مکانوں میں 5 تا 6 افراد بھی متاثر رہنے کی اطلاعات وصول ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ضلع میں وائرس میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جار ہا ہے۔