نظام آباد میں کیندریا ودیالیہ اسکول کا وزیر اعظم

   

کے ہاتھوں ورچول افتتاح

نظام آباد :21؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مرکزی حکومت کے فنڈ سے تعمیر کردہ کیندریا ودیالیہ اسکول کا آج ورچول وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے آئی آئی ایم سے افتتاح کیا ۔ نظام آباد میں منعقدہ تقریب میں رکن پارلیمنٹ نظام آباد اروند ، رکن اسمبلی نظام آباد اربن دھن پال سوریہ نارائنا ، ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے پروگرام میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈی اروند نے بتایا کہ باوقار طور پر کیندریا ودیالیہ کا وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں آج جموں کشمیر میں افتتاح کیا گیا ۔ 2014 ء تک ریاست میں حیدرآباد ، ورنگل ، کھمم کے اضلاع میں کیندریا ودلیہ تھے لیکن اب نظام آباد کے علاوہ بودھن ، مریال گوڑہ ، محبوب آباد ، سرسلہ جیسے شہروں میں بھی کیندریا ودلیہ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اس کا افتتاح کیا جارہا ہے ۔ نظام آباد میں 7.5 ایکر پرمحیط اراضی پر قلعہ کے علاقہ میں منی ٹینک بنڈ سے متصلہ علاقہ میں 28 کروڑ روپئے سے کیندریا ودلیہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور دسویں جماعت تک یہاں پر کلاسیں چلائی جائے گی آنے والے دنوں میں 12 ویں جماعت تک اسے اپ گریڈ کیا جائیگا۔ بودھن میں تعمیری کام تیزی سے جاری ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ کیندریا ودیالیہ جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ تعمیر کیا گیا ہے یہاں پر ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہے ۔ اس اجلاس کو رکن اسمبلی نظام آباد اربن دھن پال سوریہ نارائنا نے بھی مخاطب کیا ۔ اس جلسہ میں حیدرآباد ریجن ڈپٹی کمشنر منجو ناتھ، پرنسپل وینکٹیشورلو بھی موجود تھے ۔