نظام آباد میں ہلدی بورڈ سکریٹری بھوانی نے جائزہ لے لیا

   

نظام آباد: 4؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے نظام آباد میں ہلدی بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا اور ہلدی بورڈ کی سکریٹری کی حیثیت سے شریمتی بھوانی آئی اے ایس کو مقرر کیا گیا جس پر شریمتی بھوانی نے آج نظام آباد میں قومی ہلدی بورڈ کے دفتر میں اپنا جائزہ حاصل کر لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہلدی بورڈ کے قومی چیئرمین پلے گنگا ریڈی سے خیر سرکاری ملاقات کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔بعد اذاں انہوں نے جکران پلی منڈل کے منوہر آباد میں جے اے ایم کے پی ایم کسان سنگھم کے زیر اہتمام قائم کردہ ہلدی پر مبنی صنعت کا بورڈ چیئرمین پلے گنگا ریڈی کے ہمراہ دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین کروڑ روپے کی لاگت سے آتم نربھر بھارت اسکیم کے تحت منڈل کے مختلف دیہاتوں کے 600 سے زائد کسانوں نے یہ صنعت قائم کی جو قابلِ تعریف ہے۔بعد اذاں انہوں نے فیکٹری میں تیار کردہ ہلدی پاؤڈر کا دلچسپی سے مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صنعتوں کے قیام سے نہ صرف ہلدی کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔اس کے بعد انہوں نے کمر پلی منڈل کے مرکز میں واقع ہلدی تحقیقی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سائنسدان مہندر ریڈی نے مرکز کے ذریعے کسانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تفصیلات پیش کیں۔اس دورے میں اسپائسز بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سندریشن، تیرپتی ریڈی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے