نظام آباد کانگریس میں ناراضگیوں کو دورکرنے کی کوشش

   

ضلع وٹائون کے اہم امیدواروں سے میناکشی نٹراجن کی ملاقات ‘ جاویداکرم ‘ چندرموہن کو مواقع متوقع
نظام آباد :7؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس صدر اور ٹاؤن کانگریس کمیٹی کے تنظیمی انتخابات میں حالیہ تقررات سے محروم رہنے والے قائدین کو منانے اور اندرونی ناراضگی کو دور کرنے کا عمل تیز ہوگیا ہے۔ اسی سلسلے میں ریاستی کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن نے براہِ راست مداخلت کرتے ہوئے ضلع و ٹاؤن کے اہم امیدواروں کو حیدرآباد طلب کیا اور ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ ملاقاتیں مقامی قیادت میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرنے اور مستقبل میں مناسب مواقع کی یقین دہانی کے لیے نہایت اہم تصور کی جارہی ہیں۔اس ضمن میں ضلع کانگریس صدر کے لیے آخری مرحلے تک ریس میں شامل رہنے والے شیکھر گوڑ، مارا چندرموہن ریڈی اور محمد جاوید اکرم کو میناکشی نٹراجن نے ایک ایک کرکے طلب کیا۔ ملاقات کے دوران محمد جاوید اکرم سے رِیاض انکاؤنٹر کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے شیخ رِیاض انکاؤنٹر پر ریاض کے اہلِ خانہ اور فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے سی بی سی آئی ڈی انکوائری کے مطالبے کا ذکر بھی کیا۔ رِیاض انکاؤنٹر سے ریاست بھر میں شدید سنسنی پھیل گئی تھی، جس میں رِیاض کے ہاتھوں کانسٹیبل پرمود کی ہلاکت اور بعد میں انکاؤنٹر میں رِیاض کی موت کے واقعات شامل تھے۔ اس حساس مسئلے پر بھی میناکشی نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے قائدین سے رائے حاصل کی۔ملاقاتوں کے دوران اے آئی سی سی انچارج سچن ساونت بھی موجود تھے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً چار دہائیوں سے کانگریس کے لیے فعال اور مختلف عہدوں پر خدمات انجام دینے والے شیکھر گوڑ اور چندرموہن ریڈی محمد جاوید اکرم کو مناسب موقع دینے کی میناکشی نے یقین دہانی کی ہے۔ یہ تمام قائدین پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کے بھی قریبی سمجھے جاتے ہیں، اسی لیے انہیں ریاستی سطح کے کارپوریشن عہدوں میں شامل کرنے کے امکانات پر پارٹی حلقوں میں گشت کر رہی ہے۔ادھر نظام آباد ٹاؤن کانگریس کی صدارت کے لیے دوڑ میں رہنے والے قائدین کو بھی میناکشی نٹراجن نے حیدرآباد بلایا۔ ان میں رتنا کر ،جاوید اکرم، رام رتی گوپی، گن راج اور دوسرے قائدین شامل ہیں۔ ان تمام رہنماؤں سے علیحدہ ملاقاتیں کرتے ہوئے سچن ساونت نے مختلف نکات نوٹ بھی کیے۔ معلوم ہوا ہے کہ میناکشی نٹراجن نے ان رہنماؤں کو یقین دلایا کہ پارٹی کے لیے ان کی خدمات کے ساتھ انصاف کیا جائے گا اور مستقبل کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اتوار کو بھی ضلع کے مزید چند اہم قائدین کو میناکشی نٹراجن نے ملاقات کے لیے طلب کیا ہے، جن میں باسی وینوگوپال یادو وغیرہ شامل ہیں۔ توقع ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ دو دن تک جاری رہے گا۔ اسی کے ساتھ کاماریڈی ضلع کے رہنماؤں کو بھی مرحلہ وار طلب کرکے ناراضگیاں دور کرنے کا کام جاری ہے۔ گاندھی بھون کے باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ متحدہ ضلع کے بعد آئندہ تمام اضلاع کے اہم قائدین کو بھی ایک ایک کرکے ملاقات کے لیے بلایا جائے گا تاکہ تنظیمی ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جاسکے۔