نظام آباد کا میئر کانگریس کا ہوگا : مہیش کمار گوڑ

   

کریم نگر کیلئے ہم نے امیدیں نہیں چھوڑی، بی جے پی کی فرقہ پرستی کو عوام نے مسترد کردیا
حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انتخابی مہم کو مذہب، نفرت اور فرقہ پرستی سے جوڑنے کے باوجود بی جے پی کو ریاست کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ نظام آباد کا میئر کانگریس کا ہوگا۔ کریم نگر میئر عہدہ کیلئے ہم نے امیدیں ختم نہیں کی ہے۔ کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر عوام سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ آج بلدیاتی نتائج پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست کے عوام نے ایک بار پھر حکومت کی کارکردگی پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی نے ایک دوسرے سے خفیہ اتحاد کرتے ہوئے کانگریس کو شکست دینے کی کوشش کی ہے مگر ان کی ساری تدابیر الٹی ثابت ہوئی۔ عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی مرکزی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی پر عوام سے ووٹ مانگنے کے بجائے پھر عوامی جذبات بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ نفرت کی تشہیر، مذہبی سیاست کو انتخابی مہم پر فوقیت دی گئی۔ ہندو مسلم کی بات کی گئی، جس کو ریاست کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ نظام آباد کا میئر کانگریس کا ہوگا۔ کریم نگر میئر کے عہدہ کیلئے ہم نے ابھی تک امیدیں نہیں چھوڑی ہیں۔ ہفتہ کی شام کانگریس کے اہم قائدین کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات ہے جس میں 16 فبروری کی حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی۔ کتہ گوڑم کارپوریشن میں کانگریس اور سی پی آئی کے مساوی ارکان کامیاب ہوئے ہیں۔ اس معاملے میں کانگریس کے قائدین سی پی آئی سے رابطے میں ہے اور بات چیت جاری ہے۔ جگتیال میونسپلٹی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیرمین کانگریس کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے گرام پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی درج کی ہے۔ آئندہ ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔2