نظام آباد کو ایجوکیشن ہب بنانے کے ٹھوس اقدامات

   

Ferty9 Clinic

سرکاری پولی ٹکنک کالج میں ہاسٹل کی عمارت کا افتتاح، کانگریس قائدین کا خطاب

نظام آباد۔ 14 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کے ترقی و فلاحی اسکیمات کے مشیر پی سدرشن ریڈی اور ایس سی، ایس ٹی و اقلیتی بہبود کے مشیر محمد شبیر علی نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے معیاری اور مضبوط تکنیکی تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وہ ضلع مرکز میں واقع سرکاری پولی ٹیکنک کالج میں نئے تعمیر شدہ ہاسٹل عمارتوں کے افتتاح کے بعد عوام اور میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم ایل سی و صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ، ارکان اسمبلی ڈاکٹر بھوپتی ریڈی، دھنپال سوریا نارائن اور کلکٹر ٹی۔ ونئے کرشنا ریڈی بھی موجود تھے۔افتتاح شدہ عمارتیں سابق طالب علم پرتاپ ریڈی کے فراہم کردہ 1.06 کروڑ روپے کے عطیہ اور بھارت ہیوی الیکٹریکل لمیٹیڈ (بی ایچ ای ایل) کی جانب سے کارپوریٹ سوشیل ریسپانسبلیٹی کے تحت فراہم کردہ 2.86 کروڑ روپے کی امداد سے تعمیر کی گئی ہیں۔ اس موقع پر پی سدرشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں گذشتہ دس برسوں کے دوران تکنیکی تعلیم شدید غفلت کا شکار رہی تاہم موجودہ حکومت چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں اس شعبے کو بحال کرتے ہوئے فعال بنایا جا رہا ہے اس کے لیے وسیع اقدامات کر رہی ہے۔ محمد شبیر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ریاست میں 66 نئے ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے جدید تکنیکی کورسز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان مراکز سے تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو فوری روزگار فراہم کرنے کے لیے حکومت نے ٹاٹا کمپنی کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔اس موقع پر ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی یومِ پیدائش کے موقع پر پولی ٹیکنک کالج میں ہاسٹل عمارتوں کا افتتاح باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کے تحت نظام آباد کو ایجوکیشن ہب بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں انجینئرنگ کالج کی منظوری اور دچپلی میں تلنگانہ یونیورسٹی کے تحت ایگری کلچر یونیورسٹی کے قیام کی حکومتی کارروائی شامل ہے۔تقریب کے دوران ہاسٹل تعمیرات کے لیے عطیہ دینے والے سابق طالب علم پرتاپ ریڈی اور بی ایچ ای ایل کے اسسٹنٹ جنرل منیجر سیلوَم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، ریاستی کوآپریٹو یونین لمیٹیڈ کے چیئرمین مانالہ موہن ریڈی، لائبریری کارپوریشن چیئرمین انتی ریڈی راجی ریڈی، ڈی سی سی بی چیئرمین رمیش ریڈی، پولی ٹیکنک کالج کی پرنسپل بھارتی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔