حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی صاحب بھاری رقم سے محروم ہوگئے۔ حیدرآباد کو موصولہ اطلاعات کے مطابق نظام آباد سے تعلق رکھنے والے حاجی محمد یوسف نے کل حرم شریف میں طواف کے دوران اپنا بیلٹ کھودیا جس میں ایک لاکھ روپئے مالیتی سعودی ریال موجود تھے۔ مذکورہ حاجی صاحب مکتب نمبر 30 سے تعلق رکھتے ہیں اور بلڈنگ نمبر 216 میں ان کا قیام ہے۔ حرم شریف کو روانگی کے وقت انہوں نے رقم کو بیلٹ میں محفوظ کردیا تھا۔ بیلٹ کی گمشدگی کی شکایت درج کردی گئی ہے۔ انڈین حج مشن کے عہدیدار سعودی سیکوریٹی حکام سے ربط میں ہیں تاکہ بیلٹ کا پتہ چلایا جاسکے۔