نظام آباد کے رہائشی علاقوں کے نالوں کی صفائی جنگی خطوط پر کی جائے

   

میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کی ہدایت

نظام آباد:28/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد مستقر کے چوراہوں اور رہائشی علاقوں میں موجود گندے نالوں کی صفائی کے کام جنگی خطوط پر مکمل کرنے اور نالوں کو صاف ستھرا رکھنے کی ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے میو نسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی ہدایت دی۔ شدید بارش کے دوران بارش کا پانی کچرے کی نکاسی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ یہ رکن اسمبلی بودھن مسٹر پی سدرشن ریڈی، صدر نشین اردو اکڈمی مسٹر طاہر بن حمدان اور نوڈا چیئرمین کیشو وینو اور دیگر عہدیداران کے ساتھ کلکٹر نے شہر کے کئی سلم علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مرکزی چوراہوں کے قریب اہم سڑکوں کے ساتھ موجود نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے بائی پاس روڈ پر اردو میڈیم اسکول کے قریب نالے، نظام کالونی، بودھن روڈ پر ریلائنس پٹرول پمپ کے قریب نالا، راجہ راجندر چوراہے سے پی ایف آفس تک کا نالا، سائی نگر روڈ نمبر 1، تین کمان سے IDOC تک کے نالے اور ونائک نگر میں بسوا گارڈن کے قریب موجود نالے کا معائنہ کر کے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔کلکٹر نے نالوں پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں شہر کا کوئی بھی علاقہ زیرآب نہ آئے اس کے لیے قبل از اقدامات کیے جائیں۔ خاص طور پر نالوں میں جمع کیچڑ اور کچرے کو صاف کیا جائے تاکہ بارش کا پانی بہ آسانی جاسکے۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے ہدایت دی کہ شدید بارش سے قبل ہی نکاسی کے کام مکمل کیے جائیں۔ جہاں ممکن ہو وہاں JCB جیسی مشینری استعمال کی جائے اور جہاں ممکن نہ ہو وہاں صفائی ملازمین کے ذریعے صفائی کی جائے۔ ان پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی کلکٹر کے ہمراہ ریاستی زرعی کمیشن کے رکن گڑگو گنگادھر، ضلع لائبریری کمیٹی کے چیئرمین انتی ریڈی راج ریڈی ، میونسپل کمشنر دلیپ کمار، ای ای آنند ساگر، نظام آباد مارکیٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین ناگیش ریڈی اور دیگر موجود تھے۔