نظام آباد۔ 29 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موسلا دھار بارش کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے اور عوام کو درپیش مشکلات کے پس نظر کمشنر مونسپل کارپوریشن مسٹر دلیپ کمار نے متعلقہ مقامات کا معائنہ کیا۔ کمشنر نے ریلوے کمان، گوتم نگر بائی پاس، زنیرہ ہوٹل، بودھن روڈ اور ساگر ہلز کے نئے پل کے قریب متاثرہ مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی عملہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر جمع شدہ پانی کو صاف کیا جائے اور ان مقامات پر جہاں حادثات کا اندیشہ ہے ضروری احتیاطی اقدامات انجام دیے جائیں۔اس موقع پر کمشنر دلیپ کمار نے کہا کہ بارش کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، لہٰذا عملہ کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتے۔ انہوں نے خاص طور پر خطرناک پوائنٹس پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔معائنہ کے دوران متعلقہ میونسپل اسسٹنٹ انجینئرس، اسسٹنٹ مونسپل کمشنر، راوی بابو سینیٹری سپروائزر، متعلقہ سینیٹری انسپکٹرس اور عملہ بھی موجود تھے جو صورتحال کا بغور جائزہ لیتے ہوئے فوری اقدامات میں مصروف ہیں۔