چیف منسٹر کپ 2025ء میں نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات و اسناد کی تقسیم‘ ضلع کلکٹر کا خطاب
نظام آباد۔ 5؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا تر پاٹھی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نظام آباد ضلع کے کھلاڑیوں نے کھیل کے میدان میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے جو ضلع کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسام الدین، گوگولوتھ سومیہ، ینڈلا سوندریہ اور نکہت زرین جیسے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ضلع کو منفرد شناخت دلائی ہے اور دیگر کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ان سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے ضلع کی ساکھ کو مزید بلند کریں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں میں کھیلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقدہ ”چیف منسٹر کپ – 2025” کے تحت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کمپلیکس میں تہنیتی تقریب منعقدہ کی گئی۔ اس موقع پر مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے تمغے، انعامات اور اسنادی اسناد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس تقریب میں بین الاقوامی باکسر اور ارجن ایوارڈ یافتہ حُسام الدین اور ہندوستانی فٹبال ٹیم کی کپتان گوگولوتھ سومیہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جنہیں کلکٹر نے تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کپ مقابلوں میں ریاست بھر میں سب سے زیادہ یعنی 31,353 کھلاڑیوں نے ضلع نظام آباد سے حصہ لیا، جس کے باعث ضلع کو اول مقام حاصل ہوا۔ ریاستی سطح کے مقابلوں میں 2700 کھلاڑیوں نے شرکت کرتے ہوئے 53 تمغے حاصل کیے، جن میں 12 طلائی، 11 نقرئی اور 33 کانسی کے تمغے شامل ہیں، اور اس طرح ضلع ریاست میں ٹاپ–5 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار، ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر پون کمار، ڈی ای او اشوک، اسٹیٹ گیمس فیڈریشن سکریٹری ناگمنی، ضلع اولمپک اسوسی ایشن کے نمائندہ ببلی نرسیاہ، سمسان الدین باکسر کچھ کے علاوہ دیگر کوچز، اساتذہ، کھلاڑیوں اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔