نظام آباد :20؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد ضلع میں تین دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دن تک ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری رہیگا۔ گذشتہ دو دنون سے ہوئی بارش کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں کو زبردست نقصان ہوا ہے ۔ کئی مقامات پر کلورٹس بہہ گئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ضلع میں 24.8 ملی میٹر مجموعی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ضلع میں سب سے زیادہ اندلوائی میں 105 بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ بارش کے باعث قومی شاہراہ مادھو نگر کے پاس تعمیر کئے جانے والے برج کے علاقہ میں سڑک بہہ جانے کی وجہ سے اس علاقہ میں کنال کا منظر نظر آرہا ہے ۔ سڑک بہہ جانے کی وجہ سے حیدرآباد جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹرافک بائی پاس روڈ پر موڑ دی گئی ۔ ضلع میں مسلسل بارش کی وجہ سے نشیبی علاقہ میں مقیم افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر نظام آباد کے ارسہ پلی ، دھرم پوری ہلز، ساگر ہلز کالونی ، حبیب نگر ، کھوجہ کالونی ، نظام کالونی و دیگر علاقہ کی عوام کو مشکلات سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بارش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کلکٹریٹ میں کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے عوام کو چوکسی برتنے کی خواہش کرتے ہوئے بارش کی وجہ سے مشکلات پیش آنے کی صورت میں کنٹرول روم نمبر 08462-220183 پر اطلاع دینے کی خواہش کی ۔