کوروناوائرس کے خلاف متحدہ جنگ پر اثر پڑے گا: مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جمعیتہ العلمائے ہند نے آج دہلی کے نظام الدین علاقہ میں تبلیغی اجتماع میں شریک افراد کے خلاف کارروائی کرنے پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کوروناوائرس کے کیسوں کو فرقہ وارانہ رنگ دینا غلط ہوگا۔ اس سے مہلک وبا کے خلاف جاری متحدہ جنگ پر اثر پڑے گا۔ جمعیتہ العلماء کے صدر مولانا ارشد مدنی نے میڈیا میں مرکزی تبلیغی اجتماع کے خلاف غلط پروپگنڈہ پر تنقید کی اور کہا کہ اس طرح تبلیغی اجتماع کو نشانہ بنانا قابل مذمت حرکت ہے۔ کوروناوائرس کے خلاف لڑائی کو مذہبی رنگ دیا جارہا ہے۔ 24 مارچ کو اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد مرکز کے انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی تھی ۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے بعد جو جہاں وہیں رہیں، باہر نہ نکلیں۔ وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد مرکز میں جمع افراد وہیں پر ٹھہر گئے۔ ایسی صورت میں مرکز کا کوئی قصور نہیں ہے۔ مرکز نے متعلقہ حکام اور ایجنسیوں کو تحریری طور پر اطلاع دی ہے۔ اس واقعہ کیلئے تبلیغی اجتماع کو ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جاسکتا۔ ایسی صورت میں ملک کی میڈیا کو غلط پروپگنڈہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ نہیں کرنا چاہئے۔ میڈیا کا یہ عمل خطرناک ہے۔