نظام آباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر کویتا کی ریکارڈ کامیابی

   

بی جے پی اور کانگریس کے امیدواروں کی ضمانت ضبط، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے ملاقات
حیدرآباد: نظام آباد و کاما ریڈی اضلاع پر مشتمل مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر ٹی آر ایس امیدوار کویتا نے توقع کے عین مطابق ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ بی جے پی و کانگریس امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ چیف منسٹر کی دختر کویتا جو نظام آباد کی سابق ایم پی ہیں، انہیں پارٹی نے کونسل کا امیدوار بنایا تھا۔ موجودہ نشست کی میعاد 14 ماہ رہے گی اور کویتا دوبارہ اس حلقہ سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔ کویتا کی کامیابی کیلئے پارٹی نے کئی وزراء اور عوامی نمائندوں کو متحرک کردیا تھا جس کے نتیجہ میں اپوزیشن کے کئی مقامی عوامی نمائندے رائے دہی سے عین قبل ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ رائے دہی 9 اکتوبر کو ہوئی تھی جبکہ آج پالی ٹکنک کالج نظام آباد میں ووٹوں کی گنتی کی گئی ۔ ادارہ جات مقامی کے جملہ 824 ووٹ ہیں، جن میں 823 نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تھا ۔ کویتا کو 728 ووٹ حاصل ہوئے ۔ بی جے پی امیدوار لکشمی نارائنا 56 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ کانگریس کے سبھاش ریڈی کو صرف 29 ووٹ حاصل ہوئے۔ 10 ووٹوں کو مسترد کردیا گیا ۔ کویتا نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار لکشمی نارائنا کو 672 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے 6 ٹیبل قائم کئے گئے تھے اور الیکشن کمیشن کے حکام نے رائے شماری کی نگرانی کی۔ پہلے راونڈ سے ہی کویتا کو برتری حاصل ہوگئی ۔ ضلع کلکٹر و ریٹرننگ آفیسر سی نارائن ریڈی نے نتیجہ کا اعلان کرکے کویتا کو سرٹیفکٹ حوالے کیا۔ نتیجہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے مقامی ادارہ جات کے نمائندوں سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے متحدہ ضلع کے ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل اور وزراء سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کے علاوہ رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی ، ارکان مقننہ شکیل عامر ، گنیش گپتا، باجی ریڈی گوردھن ، جیون ریڈی ، اے للیتا ، ڈی راجیشور راؤ ، میئر نظام آباد نیتو کرن اور دیگر قائدین موجود تھے۔ کویتا نے پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اپنے والد کے پیر چھوکر آشیرواد حاصل کیا۔ چیف منسٹر نے کویتا کو مبارکباد پیش کی اور عوامی خدمات کے سلسلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی موجود تھے ۔ توقع ہے کہ کویتا 14 اکتوبر کو کونسل میں رکنیت کا حلف لیں گی۔