نظام آباد میں آر ٹی سی بس کی ٹکر سے مسلم خاتون ہلاک

   

نظام آباد :16؍ اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )آرٹی سی بس کی ٹکر کی وجہ سے ایک مسلم خاتون کے ہلاک ہونے کا واقعہ آج شام 4:30 بجے کے قریب این ٹی آر چوراستہ پر پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد ڈپو 1 سے وابستہ آرٹی سی بس آرمور سے نظام آباد بس اسٹانڈ آرہی تھی کہ این ٹی آر چوراستہ کے قریب 45 سالہ برقعہ پوش خاتون حبیبہ بیگم متوطن نظام آباد ساکن عقبی حصہ وجئے ٹاکیز پولیس لائن کی رہنے والی بتلائی جاتی ہیں یہ خاتون سڑک عبور کررہی تھی کہ بس ڈرائیور نے اسے ٹکر دیدی جس کے باعث یہ خاتون برسرموقع ہلاک ہوگئی۔ مقامی افراد نے بس ڈرائیور کلیج کمار کے ساتھ مار پیٹ شروع کردی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر Iٹائون پولیس نے مقام حادثہ پر پہنچ کر ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا اور نعش کو بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ۔ اس وقت رکن پارلیمنٹ ڈی اروند یہاں سے گذر رہے تھے کہ انہوں نے کار روک کر پولیس سے تفصیلات حاصل کی اور اس واقعہ پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے باعث حکومت نے بسوں کو چلانے کیلئے نا تجربہ کار ڈرائیورس کی بھرتی کی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ اور نا تجربہ کار ڈرائیورس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا اتلاف ہورہا ہے۔ مقام پر موجود افراد نے بتایا کہ ڈرائیور حالت نشہ تھا اور لاپرواہی سے بس چلارہا تھا اس وقت یہ خاتون سڑک سے گذر رہی تھی کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے بس کی زد میں آگئی ۔نہ صرف نظام آباد بلکہ کاماریڈی میں بھی ایک واقعہ پیش آیا اور آج کاماریڈی ڈپو کی بس ایک کار کو ٹکر دیدی ۔ نظام آباد ضلع میں کسی نہ کسی مقام پر اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔